
عالمی نوبل انعام یافتہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرلیا۔
ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی صاحبزادی کی گریجویشن مکمل ہونے کی خوشخبری شئیر کی اور ساتھ ہی تصاویر بھی اپ لوڈ کیں۔ انہوں نے تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج ملالہ کا گریجویشن ڈے (ڈگری ملنے) کا دن تھا، وہ آکسفور یونیورسٹی سے باضابطہ طور پر گریجویشن کی ڈگری حاصل کرچکی۔’
ضیاء الدین یوسف زئی کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ کھڑے ہیں جب کہ ایک اور تصویر میں ملالہ کے شوہر عصر ملک اور ساس بھی موجود ہیں۔ ان کے والد نے ٹویٹ میں کہا کہ ملالہ کا آکسفورڈ یونیورسٹی سے باقاعدہ گریجویٹ ہونا ایک ’خوشی اور شکرگزاری کا لمحہ‘ ہے۔
ملالہ کے والد نے اپنی بیٹی کی اس کامیابی کو اپنی زندگی کا سب سے قیمتی اور خوشی کا لمحہ قرار دیتے ہوئے شکر بھی ادا کیا۔مداحوں نے اس ٹوئٹ پر ملالہ کو ڈھیروں مبارک بادیں پیش کیں اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
دریں اثناء ، ملالہ یوسف زئی نے بھی ٹوئٹر پر اپنی گریجویشن کی تصاویر شیئر کیں۔
ملالہ یوسفزئی کا گریجویشن گزشتہ برس مکمل ہوگیا تھا مگر آکسفورڈ انتظامیہ نے کرونا کی صورت حال کے پیش نظر تقریب کا انعقاد نہیں کیا تھا، یہ تقریب آج منعقد کی گئی جس میں 2020 اور 2021 میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ اس حوالے سے یوٹیوب نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو گریجویشن کی مبارکباد دی۔یوٹیوب کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ملالہ کوگریجویشن مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے اور ساتھ ہی لکھا گیا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے کلاس 2020 کی ممبر ہونے کی حیثیت سے ہمارے ساتھ اپنے احساسات بانٹے ہیں۔

یوٹیوب نے خصوصی ورچوئل تقریب سے ملالہ کا 12 سیکنڈ کا کلپ شیئر کیا۔ اس کلپ میں ملالہ نے کہا کہ اِس مشکل گھڑی میں آپ نے جو کچھ بھی کھویا اُس کی وضاحت کرنے کے بجائے یہ سوچیں کہ ہمیں اس سے کیسے لڑنا ہے۔ آپ نے تعلیم حاصل کرلی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ آپ باہر نکلیں اور اس دُنیا کی بہتری کے لیے کام کریں۔
اس ورچوئل ایونٹ میں مشہور شخصیات کے علاوہ یوٹیوب تخلیق کاروں نے گریجویٹز، ان کے خاندانوں اور مقامی کمیونٹیز کو اس خوشی کو منانے کے لیے اکٹھا کیا۔ مشیل اوباما اور ملالہ کے علاوہ، اس تقریب میں مقبول کےپاپ بینڈ بی ٹی ایس بھی شامل تھا۔ بینڈ نے 12 منٹ کی پرفارمنس میں تین ہٹ گانے پیش کیے۔اس ایونٹ کے دیگر ستاروں میں بیونس، لیڈی گاگا، جسٹن ٹمبرلیک، ایلیسیا کیز، شون مینڈس، کیٹی پیری اور ٹیلرسوئفٹ شامل تھے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال ہزاروں طلبہ کی گریجویشن کی تقریب اس سال منعقد نہیں ہو سکی اور متعدد یونیورسٹیوں نے ورچوئل گریجویشن کی تقریب کا انعقاد کیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ جب ملالہ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں تو سوشل میڈیا پر اس خبر پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ جہاں کئی لوگوں نے جوڑے کو مبارکباد دی تو وہیں بہت سے لوگوں نے ملالہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا کیونکہ اُنہوں نے ماضی میں شادی کے بارے میں کچھ غیر مناسب تبصرے کیے تھے۔ لیکن پھر انہوں نے ماضی میں دئیے گئے اپنے شادی سے متعلق بیان کی وضاحت کے لئے برطانوی جریدے ووگ میں ایک اور تفصیلی مضمون لکھا، جس میں انہوں نےاپنے اس فیصلے کے بارے میں کُھل کر بات کی اور بتایا کہ عصر میں، انہیں ایک بہترین دوست اور ساتھی ملا ہے۔
0 Comments