ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق متنازعہ بیان پر شدید عوامی ردعمل


0

پاکستان سے تعلق رکھنے والی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی وسماجی رہنما ملالہ یوسف زئی کو حال ہی میں برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی زینت بننے کا موقع ملا ہے۔ لہذا وہ رواں سال جولائی میں آنے والے برطانوی فیشن میگزین ووگ کے شمارے کے سرورق پر نظر آئیں گی۔ یہی نہیں ملالہ یوسف زئی نے اس سلسلے میں ووگ میگزین کو ایک انٹرویو بھی دیا، جس میں شادی سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ایک انٹرویو پبلش ہوا، جس میں انہوں نے شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

Image Source: Twitter

ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ’’مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات یعنی نکاح کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیوں یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا ہے۔ بیشتر پاکستانی ماؤں کی طرح ان کی والدہ بھی اپنی بیٹی کی رائے سے خوفزدہ ہیں، ان کی والدہ ہمیشہ کہتی ہیں، انہیں اس طرح کی کوئی بھی بات کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمھیں شادی کرنی ہوگی، شادی ایک خوبصورت چیز ہے۔ جبکہ ان کے والد کے پاس ایسے لوگوں کی ای میلز آتی ہیں، جو انہیں اپنی جائیداد اور پیسوں کے بارے میں بتاکر مجھ سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

Image Source: Twitter

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا شادی اور کسی کے ساتھ محبت کے رشتے کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اس بات کا یقین کرنا مشکل ہے کہ آپ جس شخص کا انتخاب کرتے ہیں وہ قابل اعتماد ہے، خاص طور پر کسی کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوچنا بہت مشکل ہے، آپ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ہر کوئی اپنے تعلقات کی اسٹوریز شیئر کر رہا ہے، اور آپ پریشان ہوجاتے ہیں کہ آپ کسی پر بھروسہ کرسکتے ہیں یا نہیں؟ اور آپ کو کیسے کسی پر یقین ہو سکتا ہے؟

ملالہ یوسف زئی کے شادی سے متعلق اس متنازعہ بیان کو لیکر انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ناصرف پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بلکہ شوبز شخصیات کی جانب سے بھی اظہار مذمت کی جا رہی ہے۔

Image Source: Instagram
Image Source: Twitter

خیال رہے کہ حال ہی میں معروف امریکی سٹ کوم سیریز “فرینڈز” کی خصوصی طور پر تیار کی گئی قسط “فرینڈز: ری یونین” 27 مئی کو اسٹریمنگ ویب سائٹ “ایچ بی او میکس”پر ریلیز کی جس میں ملالہ یوسف زئی نے خصوصی شرکت کی اور وہ اپنی دوست “ووی” کے ساتھ پرانی سیریز کے اپنے پسندیدہ مناظر پر بات کرتے دکھائی دئیے۔ ملالہ یوسف زئی نے یہ بھی بتایا کہ انہیں “فرینڈز” کے چھٹے سیزن کی 10 ویں قسط کا ایک ڈانس کا مںظر بہت پسند آیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ملالہ یوسف زئی کی کہانی سن کر آبدیدہ ہوگئیں

مزید یہ کہ ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں فلسطینی خاندانوں کی امداد کے لئے 100,000 ڈالرز( £71,000)، کینڈر یو ایس اے کو 25,000 ڈالرز، اور ڈی سی آئی فلسطین کو 25،000 ڈالرز عطیہ کیے۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہوئیں۔ 9 اکتوبر 2012 ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں، انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔ 12 جولائی 2013 کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔ انہیں 2014 میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا تھا جب کہ ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے گزشتہ سال آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی ڈگری حاصل کی تھی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *