کراچی کی تباہی پر شاہد آفریدی انتظامیہ پر برس پڑے


0

کراچی میں ہونے والی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے جہاں انتظامیہ کی نااہلی اور ناکامی کا پتہ چلتا ہے وہیں اس بات کا اندازہ بھی ہوتا ہے کہ یہ شہر کتنا مظلوم اور لاوارث ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد افسردگی اور تکلیف کے ساتھ اس شہر کی تباہی اور بربادی پر آواز بلند کررہے ہیں۔ جن میں ایک نام اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی کا ہے۔ جو کراچی کی موجودہ حالات پر انتظامیہ پر برس پڑے ہیں۔

سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مایوسی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ کراچی کو کچراچی بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا؟

اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی شہر کراچی سے محبت ڈھکی چھپی نہیں ہے انہوں نے اپنی پوری زندگی اس شہر گی گلیوں اور سڑکوں پر گزاری ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی کی صورتحال شاہد آفریدی انتظامیہ سے سخت نالاں نظر آتے ہیں جس پر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں لکھا کہ کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا، مجرمانہ، خاموشی ہے، دل خون کے آنسو روتا ہے۔ صبح سے لائٹ نہیں ہے، سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، گلیاں پانی سے بھر گئی، لوگ ڈوب رہے، گٹر ابل رہے ہیں اور کچرا بستیاں نگل رہا ہے۔ ساتھ ہی ھیش ٹیگ ہو ویل سیو کراچی کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے لکھا لوکل، صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل ناکام ہوچکی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں مزید لکھا کہ ہم نے بھی اپنے بچپن میں اس شہر کو ایسے ہی تباہ ہوتے ہوئے دیکھا تھا اور شرم آتی ہے کہ اب ہمارے بچے بھی اس کی بربادی کے گواہ ہیں۔ شاہد خان آفریدی نے شہر کراچی کے انتظامی معاملات پر رائے دیتے ہوئے لکھا کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر، ملک کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ ریوینیو دینے والا شہر، انتظامیہ کی سب سے بڑی ناکامی ثابت ہوچکا ہے۔

سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کاش دنیا کے کسی میٹروپولیٹن سے سیکھ لیا، مصنوعی جھیل بنالیں۔ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کیا یہ ہمارا قصور ہے کہ رہنے کے لئے اس شہر کا انتخاب کیا، یہاں ٹیکس دیتے ہیں لیکن بدلے میں انتظامیہ کون سی ذمہ داری پوری کرتی ہے؟ کراچی کو کچراچی بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گاً؟

واضح رہے شہر کراچی میں گزشتہ روز ریکارڈ توڑ بارشیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد نکاسی آب کا سسٹم ناقص ہونے کے باعث پانی شہر کی مین شاہراہوں اور گلیوں میں کھڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا۔ گھروں اور اسپتالوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا بعدازاں سندھ حکومت کی جانب سے تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے صوبہ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں علاقوں میں معاملات زندگی کو بحال کرنے میں مصروف ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *