
عجوہ کھجور کو کھجوروں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، یہ وہ پھل ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں 20 سے زائد مقامات پر کیا گیا ہے جبکہ احادیث مبارکہ میں بھی کئی جگہ اس کی اہمیت اور فضیلت بیان کی گئی ہے۔ جہاں عجوہ کھجور کے فائدے بےشمار ہیں وہیں یہ چند سب سے میٹھے پھلوں میں سے ایک ہے جبکہ افادیت کے لحاظ سے سب سے زیادہ فائدے مند ہے۔
(Ajwa Khajoor Ke Fayde)
:عجوہ کھجور کے فائدے

رسول اکرمﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جو شخص ہر صبح سات عجوہ کھجوریں کھا لے تو اُس دن نہ تو کوئی زہر اور نہ ہی کو ئی جادو اُس کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ (صحیح بخاری)
اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیں کہ نبی اکرمﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ عجوہ کھجورمیں شفا ہے اور اس کا نہارمنہ کھانا زہر کا تریاق ہے۔(صحیح مسلم)
عجوہ کھجور کے غذائی اجزاء

عجوہ کھجور میں فائبر، پوٹاشیم، کاپر، مینگنیز، میگنیشم اور وٹامن بی جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں جو کہ متعدد طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔ یہ ان ضروری غذائی اجزا کی وجہ سے انسانی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے بہت مفید مانی جاتی ہے۔ یہ جسم کو توانائی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے کیونکہ یہ توانائی برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کی قدرتی مٹھاس دیگر میٹھی اشیاء کی نسبت خون کی شکر میں کم اضافہ کرتی ہے۔
اس کی فضیلت و اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئیے ذیل میں جانیے مانے جانیوالے عجوہ کھجور کے فائدے کیا ہیں۔
عجوہ کھجور کے طبی فائدے

عجوہ کھجور ان منفرد غذاؤں میں سے ایک ہے جو نظامِ ہضم کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اس میں موجود فائبر آنتوں کی صحت کے لیے انتہائی ضروری جزو ہے اور قبض کی روک تھام کرتا ہے،نیزآنتوں کے نظام کی صفائی میں مدد دیتا ہے۔
عجوہ کھجور میگنیشم سے بھرپور ہوتی ہے، اس کے استعمال سے خون کی شریانوں کے امراض، جوڑوں کے امراض، الزائمر اور دیگر بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ جبکہ اس میں موجود پوٹاشیم بھی جسم کے لیے فائدہ مند ہے جو دل کو مناسب طریقے سے کام کرنے اور بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
عجوہ کھجور کھانے والے سرطان اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ ان میں دل اور آنکھوں کو صحت مند رکھنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جبکہ یہ دل کی شریانیں سکڑنے کے خطرے کو کم کرتی ہے۔

عجوہ کھجور دماغ کے لیے بھی فائدے مند ہے اور ذہن کو تیز بناتی ہے۔پورے دن میں صرف دو کھجوریں ذہنی نشوونما کے لیے بہترین غذا ثابت ہوسکتی ہیں۔
عجوہ کھجور کھانے سے گلے میں خراش، سوزش اور ورم میں کمی آتی ہے۔
اس میں موجود کیلشیئم، میگنیشم، زنک اور فاسفورس سے ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے اور ہڈیوں کے امراض کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔
عجوہ کھجور جگر کی سوزش کے علاج کے لئے بھی بے حد مفید سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے قدرتی اجزاء جگر کو طاقت بخشتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کھجور کھانے کے حیرت انگیز فوائد کیا ہیں؟
عجوہ کھجور کا استعمال جلد کو بھی صحت مند بناتا ہے اس میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جلد پر کیل مہاسوں کے مسائل کا حل کرتے ہیں۔
الغرض، عجوہ کھجور میں لاتعداد برکتیں اور بے شمار بیماریوں کا علاج ہے۔ یہ پھل چھ ہزار قبل مسیح سے کاشت کیا جارہا ہے اور اسے کھانا سنت نبوی ﷺ بھی ہے۔
0 Comments