
یہ بات تو ہم سب جانتے ہیں کہ پھلوں کی طرح سبزیوں میں بھی وٹامنز اور غذائیت کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی جسم کو موسم کے اثرات سے لڑنے کے لیے قوتِ مدافعت پیدا کرتی ہے۔ یہ صرف صحت بخش ہی نہیں ہوتیں بلکہ اپنے ذائقے میں بھی بہترین ہوتی ہیں۔ ان میں صحت مند اجزا کی بہتات ہوتی ہے اسی لئے یہ انسانی جسم کے لیے ہر طرح سے فائدہ مند ہیں۔ ہر موسم کی طرح سردیوں کی بھی خاص سبزیاں ہوتی ہیں، وہ کونسی ہیں اور ان کو کھانے کے کیا فوائد ہیں آئیے جانتے ہیں؛

چقندر

چقندر کو سردی کی خصوصی سبزی کہا جاتا ہے، اس میں وٹامن سی مہیا کرنے سمیت خون کی کمی سے نجات دلاتی ہے، اس کو بطور سلاد اور سالن کی صورت میں پکا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔چقندر کا جوس خون کی کمی دور کرنے کے لیے بہترین ہے، اس کا روزانہ استعمال کرنا چاہیے، چقندر حاملہ خواتین کے لیے بہترین سلاد قرار دیا جاتا ہے۔ چقندر کھانے سے جسم سے فاسد مادوں کا اخراج بھی ممکن ہوتا ہے، اس میں فولک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے، چقندر کے استعمال سے ڈی ہائیڈریشن کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا اس کے استعمال کے ساتھ پانی کی مقدار بڑھا دیں۔
شلجم

پوٹاشیم سوڈیم، کیلشیم، میگنیشیم اور آئرن سے بھرپور شلجم موسم سرما کی ایک مشہور سبزی ہے، اس کے استعمال سے بینائی تیز ہوتی ہے، جسم کو طاقت فراہم کرتا ہے، قبض، کھانسی، پتھری اور جوڑوں کے درد میں ایک مفید غذا ہے۔سردیوں میں ہاتھ پاؤں پھٹنے میں شلجم کے جوشاندے سے ہاتھ پاؤں دھونے سے فائدہ ہوتا ہے، چہرے کی رنگت نکھارنے کے لیے اور دیگر جلدی امراض میں شلجم کے بیج باریک پیس کر کسی بھی فیس ماسک میں ملا کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مٹر

موسم سرما کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سبزی مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب مٹر میں پروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے،اس میں وٹامن اے، وٹامن کے موجود ہوتا ہے جبکہ مٹر میں بہت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ اس کے استعمال سے بھی پروٹین کی مطلوب مقدار پوری ہو جاتی ہے اور وزن میں کمی بھی آتی ہے۔
گاجر

طبی ماہرین کے مطابق گاجر کا جوس کینسر کے سبب بننے والے اضافی خلیات کی پرورش کو روکتا ہے اور اس کے مسلسل استعمال سے بیماری کا مکمل خاتمہ بھی ممکن ہے، گاجر رنگت نکھارنے اور جلد کو چمکدار بنانے میں معاون ہے۔گاجر میں موجود وٹامن اے کی موجودگی آنکھوں، جگر، جِلد، ہڈیوں اور دانتوں کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس کے علاوہ وٹامن سی، بی، ای، ڈی، پروٹینز، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، کاپر اور بہت سے دوسرے ضروری اجزا پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
مولی

غذائی ماہرین کے مطابق مولی کا استعمال گردے میں پتھری، یرقان اور جگر فعال بنانے میں بہترین مددگار ہے، نشہ آور ادویات سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی مولی کے سبز پتوں کا استعمال کیا جاتا ہے، مولی کے استعمال سے غذا جلدی ہضم ہوتی ہے، مولی بطور سلاد استعمال کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: ماہرین صحت نے فاسٹ فوڈ کے شوقین افراد کو خبردار کردیا
پالک

کیلشیم اور آئرن سے بھر پور پالک کے استعمال سے خون کی کمی دور ہوتی ہے، اسے ڈائٹنگ میں استعمال کیا جائے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے، پالک میں پروٹین کی بھاری مقدار کے باعث ماہر غذائیت اس کے استعمال کو تجویز کرتے ہیں، پالک کا استعمال سلاد کے طور پر بھی کیا جاتا ہے۔
0 Comments