
‘گولڈن ملک’ یعنی ہلدی ملے دودھ کا استعمال صدیوں سے برصغیر میں ہورہا ہے لیکن اس میں پائی جانیوالی متعدد خصوصیات کی بدولت اب مغربی ممالک میں بھی اسے دن بہ دن مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔ خصوصاً عالمی وباء کورونا کے دوران اس نے اضافی مقبولیت حاصل کی کیونکہ یہ دودھ قوت مدافعت بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس میں سوزش سے لیکر اینٹی سیپٹیک اور شفایابی کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں بلکہ یہ ہمارے جسم کے لیے جادو اثر رکھتا ہے اور اگر اسے روزانہ پینا عادت بنالیا جائے تو جسمانی مدافعتی نظام مضبوط، زہریلے مواد کے اخراج اور دیگر مختلف امراض سے بچا سکتا ہے۔یہ دودھ مزید اور کن کن خصوصیات کا حامل ہے آئیے جانتے ہیں

نزلہ زکام سے محفوظ رکھے

ہلدی کا دودھ سردی اور کھانسی میں ضرور پینا چاہیے کیونکہ اس میں اینٹی وائرل اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہوتی ہیں جو نزلہ وزکام کے خطرے کو کم کرنے اور راحت حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ یہ گلے کی خراش اور موسمی بخار سے بھی آرام دیتا ہے۔ اکثر بچوں کو بعض کھانوں، ادویات، کیڑوں، دھوئیں یا پالتو جانوروں وغیرہ سے الرجی ہو سکتی ہے۔ اس سے جلد میں انفیکشن، سینے میں جکڑن، سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں کے مسائل، دمہ یا اسہال جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔لیکن ہلدی والا دودھ بچوں میں الرجی کے خطرے کو کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
قوت مدافعت بڑھاتا ہے

ہلدی میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس دفاعی خلیات جیسے ٹی سیلز، بی سیلز اور دیگر کو متحرک کرتے ہیں، جس سے جسمانی مدافعتی نظام زیادہ مضبوط ہوکر بیرونی جراثیموں پر حملہ آور ہوتا ہے۔
سوزش کم کرے

اس کے علاوہ ہلدی کا دودھ سوزش کو کم کرنے میں بھی بہت فائدہ مند ہے۔ ہلدی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں سوزش دور کرنے کی خصوصیات ہوتی ہیں۔ لوگ اکثر سردیوں میں جوڑوں کے درد کی شکایت کرتے ہیں۔ اس صورت میں، ہلدی کا دودھ درد کو کم کرنے اور سوزش کی وجہ سے ہونے والی علامات کو دور کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔
دل صحتمند رکھے

ہلدی کا دودھ دل کی صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔ ہلدی والا دودھ پینے سے جسم میں بلڈ شوگر کی سطح بھی نارمل رہتی ہے اور اس کی وجہ سے دل بھی صحت مند رہتا ہے۔
جلد کے زخم بھرنے میں مددگار

بچوں کی جلد بہت نازک ہوتی ہے اکثر انہیں کھیلوں کے دوران معمولی چوٹیں آتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کی جلد پر زخم ہیں اور جلد میں جلن کا مسئلہ بھی ہوتا ہے۔ اگر آپ بچے کو ہلدی کے ساتھ دودھ پلائیں تو اس سے زخم جلد بھرنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ ہلدی کی اینٹی بیکٹیریل اور جراثیم کش خصوصیات کے طور پر کام کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: مشروم کے ذریعے ڈپریشن کا علاج کیا جاسکتا ہے، تحقیق
ذہنی صحت کیلئے مفید

ہلدی والا دودھ یادداشت کو بہتر بنانے اور ذہنی صحت کے لیے بہت معاون سمجھا جاتا ہے جبکہ ہلدی والا دودھ پینے سے اچھی نیند لینے میں بھی مدد ملتی ہے۔ مختلف مطالعات میں بتایا گیا ہے کہ ہلدی کا دماغی افعال پر اثر پڑتا ہے۔رات کو سونے سے پہلے ہلدی والا دودھ پینے سے نیند کی کمی کے شکار افراد کو پُر سکون نیند آتی ہے۔
0 Comments