
قدرت نے ہر موسم کے لئے مختلف پھل ہمیں عطا کئے ہیں اور ان میں بیشمار فوائد بھی رکھے ہیں، ان کو کھانے سے ناصرف ہماری قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ہم کئی موسمی بیماروں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ اب چونکہ سردیوں کا اختتام اور گرمیوں کی شروعات ہونے والی ہے لہٰذا اس موسم میں کونسے پھل ہماری صحت کے لئے مفید ہونگے، آئیے جانتے ہیں۔
(Phalon Ke Fawaid): پھلوں کے فوائد
کیوی

موسم گرما کا پھل کیوی آپ کو جِلد سے لیکر نظامِ ہاضمہ تک بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے، یہ دمہ کے مریضوں کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔کیوی میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے جو ہمارے مدافعاتی نظام کو بڑھاتا ہے، دل کی صحت کو بہتر طریقے سے فروغ دیتا ہے، بھرپور نیند کا سبب بنتا ہے اور گرمیوں میں ہماری جِلد کو تر و تازہ اور خوبصورت بناتا ہے۔
اسٹرابیری

غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے، وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔
تربوز

یہ ایسا پھل ہے جو نہ صرف گرمی کم کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ انسانی جسم میں موجود نمکیات کی کمی کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ تربوز میں 92فیصد پانی کی مقدار پائی جاتی ہے، جس کے باعث اسے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کی صلاحیت سے مالا مال پھل مانا جاتا ہے۔ تربوز میں فولیٹ، بیٹا کیروٹین، پوٹاشیم، وٹامن سی اور اے موجود ہوتے ہیں، یہ تمام غذائی خصوصیات انسان کو متحرک اور تندرست رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
گنڈیری

اس میں پوٹاشیم، کیلشیم، میگنیشیم، آئرن، زنک، شوگر اور بہت سے اینٹی آکسیڈینٹس موجود ہوتے ہیں اور یہ گرمیوں میں ٹھنڈک کا احساس دیتی ہیں۔گنڈیریاں گردے، جگر اور مثانے کی صفائی کے لئے بہترین ہیں اور ان اعضاء کو قوت بخشتی ہیں۔ یہ جگر، مثانے کی گرمی دور کرتا ہے اور ہاتھ پیر سے جلن بھی کم کرتا ہے۔
بیر

بیر ایک مزیدار پھل ہے اور صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے، یہ ایک بھرپور غذائیت والا پھل ہے۔بیر کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کیلشیئم، فاسفورس اور آئرن جیسے اجزا ہڈیوں کی مضبوطی بہتر کرتے ہیں، ہڈیوں کی کمزوری کے شکار فرد اس پھل کو کھانا عادت بنائیں تو وہ بیماری کو شکست دے سکتے ہیں۔بیر دماغ اور اعصابی نظام کو سکون پہنچانے والا پھل ہے، جبکہ ذہنی بے چینی میں بھی کمی لاتا ہے۔ اس کے اثرات ہارمونز کی سطح پر کام کرکے ذہن اور جسم کو سکون بخشتے ہیں۔
چیکو

چیکو کا استعمال مجموعی صحت سمیت خوبصورتی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جس کے نتیجے میں بال، جلد، ناخن بھی صحت مند ہوتے ہیں۔ غذائی ماہرین کے مطابق چیکو میں فائبر، وٹامن اے، سی اور بی1 کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے جبکہ معدنیات میں آئرن، فاسفورس، کوپر، کیلشیم، سوڈیم، پوٹاشیم وغیرہ موجود ہوتے ہیں۔
پپیتا

پپیتاگرمیوں کا ایک مزیدار پھل ہے جس میں پاپین نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو ہمیں صحت سے متعلق بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے، پپیتا ہماری اچھی جِلد کے لیے بہت مفید ہوتا ہے، یہ ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے، پپیتا ہمارے نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے، ہماری آنتوں کو صاف کرتا ہے اور ہمیں قبض جیسے مسائل سے بچا کر رکھتا ہے۔اِس کے علاوہ پپیتا شوگر کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: گرم موسم میں صحت پر لیموں کے فائدے کیا ہیں؟ جانیے
مزید برآں ،موسمی پھلوں کی افادیت اپنی جگہ مگر یکایک موسم نے اپنی رُت بدلنا شروع کردی ہے،صبح میں ٹھنڈ، دوپہر میں قہر ڈھاتی گرمی جبکہ شام میں سرد ہواؤں نے بسیرا کرلیاہے۔ایسے موسم میں کھانسی، نزلہ زکام اور جلد کی بیماریاں عام ہوتی جارہی ہیں،لہٰذا روزمرہ روٹین میں احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم اپنی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں۔
0 Comments