افغان دوشیزہ پاکستانی نوجوان کی محبت گرفتار ہوکر پاکستان آگئی


0

محبت چاند اور ستارے توڑ کے لانے، شاپنگ یا ایزی لوڈ کروانے، سوشل میڈیا پر اظہار اور ڈیٹ پہ جانے کا نام نہیں بلکہ محبت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے، ایک دوسرے کو سمجھنے ایک دوسرے کی تکلیفوں کو آسودگیوں میں بدلنے یا بدلنے کی کوشش کرنے کا نام ہے۔ شاید ایسی ہی محبت کے لئے شاعر نےکہا ہے کہ
“محبت معجزه ہے اور معجزے کب عام ہوتے ہيں”۔

محبت کی ایسی ہی ایک داستان افغانستان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ دوشیزہ نے رقم کردی ہے جو اپنی محبت سے نکاح کرنے کے لئے افغانستان سے پاکستان پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ بغلان سے تعلق رکھنے والی خوبرو اولباش پاکستان کے 24 سالہ فہیم الرحمان کی محبت میں گرفتار ہوکر بہاولنگر پہنچی اور ان سے نکاح کرلیا یوں دو محبت کرنے والوں کا سنگم ہوگیا۔

بلاشبہ محبت زندگی کا لازمی جزو سمجھی جاتی ہے اور اگر اس میں خلوص کے ساتھ اخلاق کا رنگ بھی شامل ہوجائے تو کیا ہی کہنے ہیں۔

ایسا ہی حسین اتفاق اس خوبرو افغان دوشیزہ کے ساتھ بھی ہوا جن کو فہیم الرحمان کا اخلاق بے حد متاثر کرگیا اور انہوں نے اسے اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا۔ یوں وہ ویزا لے کر بی اے کے طالب علم فہیم الرحمان سے نکاح کی غرض سے بہاولنگر پہنچ گئی جہاں ان دونوں کا نکاح جامعہ العلوم عیدگاہ بہاولنگر میں پڑھایا گیا۔

اپنی محبت کو نکاح کا نام دینے کے موقع پر فہیم الرحمان نے بتایا کہ ان کی بیوی اولباش پاکستان سے محبت اور عقیدت رکھتی ہیں جب کہ ان دونوں کا یہ رشتہ دو خاندانوں کے علاوہ دو اسلامی ممالک میں محبت کے عمل کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی اولباش قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کریں گی۔ جب کہ اس حوالے سے اولباش کا کہنا تھا کہا کہ ہمارے بزرگوں کے ساتھ پاکستان نے بطور مہاجرین جو احترام وشفقت اور پیار کا سلوک کیا، ہمارے نکاح میں اس کا بھی بہت بڑا عمل دخل ہے میرے لئے فخر ہے کہ میں نے پاکستانی نوجوان سے شادی کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور فہیم الرحمان سے محبت کے باعث اپنے ملک اور خاندان کی قربانی دی ہے۔ ان کے نکاح کے موقعے پر شامل شرکاء نے نئے جوڑے کو زندگی کے اس نئے آغاز پر ڈھیروں دعائیں دیں۔

ان دونوں کا ملاپ دیکھ کر اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ محبت کا مطلب صرف جنس مخالف سے عشق کا دعویٰ یا اس کے ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھانے کا نام نہیں ہے اور نہ ہی فلموں یا ڈراموں کے جذباتی ڈائیلاگ کو دہرانے کا نام ہے۔ محبت تو احساس اورحوصلہ دینے کا نام ہے۔ یہ ایک ایسا گہرا تعلق ہے جو دونوں فریقین کو جینے کاحوصلہ بخشنے کے ساتھ اعتماد فراہم کرتا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *