ہمنوا کا نیا گانا “قطغانی” جاری — ہنزہ کے پہاڑوں سے عالمی موسیقی کا منفرد امتزاج


0

ہنزہ/لاہور: عالمی میوزک پلیٹ فارم ہمنوا نے اپنے پہلے سیزن کے تیسرے گانے “قطغانی” کی ریلیز کا اعلان کر دیا ہے، جو دنیا بھر کے فنکاروں کے اشتراک سے تخلیق کیا گیا ایک منفرد اور دلکش میوزیکل پراجیکٹ ہے۔ اس سے قبل ہمنوا کے دو گانے شائقین موسیقی میں خاصی پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔

“قطغانی” قدیم خطہ قطغن کی روح سے متاثر ایک پرجوش اور توانائی سے بھرپور کمپوزیشن ہے، جسے ہنزہ کے علاقے گوجال میں واقع پاسو کونز کے دلکش مقام پر ریکارڈ کیا گیا۔ اس گانے میں قبائلی دھنوں، طاقتور ردھم اور جدید موسیقی کے امتزاج کے ذریعے ایک ایسا ساؤنڈ پیش کیا گیا ہے جو بیک وقت روایتی بھی ہے اور جدید بھی۔

ہمنوا سیزن ون کے تحت اس گانے کو معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (ذلفی) اور شری کھٹک نے ترتیب دیا ہے، جس میں مختلف ممالک کے فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ گانے میں الجزائر سے تعلق رکھنے والے گلوکار و گٹارسٹ بکرین تیمفلاتی کی آواز شامل ہے، جبکہ جرمنی کے ڈورین جوناس گوئٹش، مجیب الرحمان، علی حبیب، الہان کریم، محمد حنید، بلیز مرلن اور عدنان کریم نے مشترکہ طور پر اس کی دھن ترتیب دی۔

اس گانے کی خاص بات جرمنی کے ڈی جے ڈورین اور ہنزہ کے رباب بجانے والے فنکاروں کے درمیان دلکش ہم آہنگی ہے، جس میں بلیز مرلن کے الیکٹرک وائلن، سازوں اور جدید بیٹس نے ایک منفرد وسط ایشیائی رنگ پیدا کیا ہے، جو افغانستان، تاجکستان اور ہنزہ کے پہاڑی علاقوں کی جھلک پیش کرتا ہے۔

اس موقع پر ہمنوا کے شریک بانی اور کریئیٹو ڈائریکٹر ذلفی کا کہنا تھا کہ “قطغانی ایک ایسی دھن ہے جسے قابو کرنے کے بجائے محسوس کیا جاتا ہے۔ اس میں ہنزہ کے پہاڑوں کی توانائی، رباب کی شدت اور جدید میوزک کا امتزاج اسے منفرد بناتا ہے۔ یہی ہمنوا کا مقصد ہے کہ مختلف ثقافتوں اور خطوں کے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر نئی تخلیق کو جنم دیا جائے۔”

ہمنوا

یہ گانا مرحوم استاد غلام عباس حسن آبادی کی تحریر ہے، جبکہ اس کی میوزک پروڈکشن ذلفی اور ڈورین جوناس نے کی ہے۔ گانے کی مکسنگ ذلفی اور ماسٹرنگ لندن کے مائیک ہنٹن نے انجام دی۔ میوزک ویڈیو کی ہدایتکاری صہیب اختر نے کی، جبکہ سینماٹوگرافی زین حلیم نے کی ہے۔

واضح رہے کہ ہمنوا، ذلفی اور محمد ابراہیم کا مشترکہ عالمی میوزک پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے فنکاروں کو ایک جگہ جمع کر کے موسیقی کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ ہنزہ میں ریکارڈ کیے گئے اس سیزن میں پاکستان سمیت فرانس، جرمنی، الجزائر اور زیمبیا کے 30 سے زائد فنکاروں نے حصہ لیا۔

“قطغانی” یوٹیوب اور اسپاٹیفائی سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ہمنوا سیزن ون کے مزید گانے بھی جلد منظر عام پر آئیں گے، جن میں “ہولو یور”، “سوے”، “لاسٹ اِن لو”، “کوئی اچھی خبر”، “ایسیکتا” اور “درمان” شامل ہیں۔


Like it? Share with your friends!

0
zeeshan

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *