ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے درمیان ایک اہم یادداشتِ مفاہمت [ایم او یو] پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت انڈر گریجویٹ ٹیکنیکل اور میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ یہ تعلیمی اشتراک سندھ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ۔ایس آئی ایم ایس — ایس آئی یو ٹی کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھایا جائے گا، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن کا منظور شدہ ڈگری ایوارڈنگ ادارہ ہے۔
اس یادداشت پر باضابطہ دستخط ایس آئی یو ٹی کے بانی و پروفیسر ڈاکٹر ادیب رضوی اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سی ای او فیصل ایدھی نے کیے، جو تعلیم کے شعبے میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے۔
مزید یہ کہ، ایس آئی یو ٹی اور ایدھی فاؤنڈیشن کے درمیان تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے، جو خالص انسانی خدمت اور فلاحی جذبے پر قائم ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن نے ہمیشہ ایس آئی یو ٹی کے مشن کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ 2014 میں ادارے نے 10 کروڑ روپے کا عطیہ دے کر ایک آپریشن تھیٹر کی جدید تعمیر و تزئین میں اہم کردار ادا کیا، جسے بعد ازاں ’’عبدالستار اور بلقیس ایدھی ٹرانسپلانٹ او ٹی کمپلیکس‘‘ کے نام سے منسوب کیا گیا۔ اسی طرح ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے 8 ایمبولینسز اور 2 لوڈرز گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں، جو آج بھی شدید بیمار مریضوں کو بلا کسی مالی بوجھ کے استعمال کئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور سے گزر رہا ہے، جہاں صحت اور تعلیم عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ تاہم، یہ دونوں بنیادی حق ہیں جن تک ہر فرد کو رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ ایس آئی یو ٹی گزشتہ پچاس برسوں سے زائد عرصے سے اس فلسفہ کے تحت ہر مریض کو بلا امتیاز، بالکل مفت علاج عزت نفس کے ساتھ فراہم کررہا ہے۔
اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی وسائل، ابھرتی ہوئی طبی ٹیکنالوجیز سے آگاہی، اور اہم کلینکل تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے ایس آئی یو ٹی اور ایدھی فاؤنڈیشن مستقبل کے طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے ، تاکہ ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں دیرپا اور پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔


0 Comments