
ہالی وڈ اداکار جانی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ امریکی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اداکارہ امبر ہرڈ نے سابق شوہر جونی ڈیپ کو مقدمے میں بدنام کیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق امبر ہرڈ ، سابق شوہر کو ڈیڑھ کروڑ اور جانی ڈیپ سابق اہلیہ کو 20 لاکھ ڈالرز ہرجانے کے طور پر ادا کرینگی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ ایمبر ہرڈ نے 58 سالہ ڈیپ کے خلاف دائر کردہ تین دعوؤں میں سے ایک جیتا ہے اور انہیں اس کی مد میں 20 لاکھ ڈالر ہرجانے کی صورت میں ادا کیے جائیں گے۔ تاہم ججز نے باقی مقدمات میں جونی ڈیپ کو سچا قرار دیا ہے اور اب امبر ہرڈ ہرجانے کی مد میں انہیں ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر (12 ملین پاؤنڈ) ادا کریں گی۔ سات ہفتوں کے مشکل ٹرائل کے بعد ورجینیا میں جیوری نے جانی ڈیپ کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے جانی ڈیپ کو کئی معاملات میں قصور وار بھی ٹھہرایا اور انہیں حکم دیا ہے کہ وہ امبر ہرڈ کو 20 لاکھ ڈالر ہرجانے کے طور پر ادا کریں۔ واضح رہے کہ جانی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ پر 5 کروڑ ڈالر کا مقدمہ دائر کیا تھا جس کے بعد ہرڈ نے اداکار کے خلاف 10کروڑ ڈالر کا مقدمہ دائر کیا تھا، دونوں کا دعویٰ تھا کہ ایک دوسرے نے انہیں بدنام کیا۔

تاہم عدالت کے اس فیصلے کے بعد جہاں ہالی ووڈ اسٹار جونی ڈیپ اپنی جیت پر خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سچ کبھی چھپ نہیں سکتا، یوری نے مجھے میری زندگی لوٹا دی۔ میں بہت شکر گزار ہوں۔ جبکہ ایمبر ہرڈ نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا دل ٹوٹ گیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیوری نے ان کی جانب سے دیئے گئے شواہد کو نظر انداز کیا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ بطور امریکی میرا خیال تھا کا آزادی رائے کا حق میرے پاس ہے لیکن وہ میں نے کھو دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ مایوسی اس بات پر ہے کہ اس فیصلے کا دوسری خواتین پر کیا اثر ہوگا۔ہم واپس وہیں چلے گئے جب ایک خاتون کو آزادی سے بولنے پر عوامی طور پر تضحیک کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
یہ کیس ہالی وڈ کا ایک ہائی پروفائل کیس تھا جو عالمی سطح پر سب کی توجہ کا مرکز بنارہا۔ اس مقدمے کی کوریج کو ٹیلی ویژن پر دکھایا گیا اور سوشل میڈیا پر لائیو سٹریم کیا گیا تھا جسے اربوں افراد نے دیکھا اور اس حوالے سے تبصرے بھی کیے۔ یاد رہے کہ جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ کی ملاقات 2011ء میں دی رم ڈائری کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، انہوں نے 2015ء میں شادی کی اور دو سال بعد ان کی طلاق ہوگئی تھی۔
0 Comments