
پاکستان کے مشہور ہدایتکار و اداکار یاسر نواز نے اپنی اہلیہ ندا یاسر کی وائرل ہونے والی کلپ کی پیروڈی کرتے ہوئے ویڈیو بنادی ہے۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ ندا یاسر کی فارمولا ون ریسنگ کار پر مہمانوں سے سوال وجواب پر ایک پرانی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر اب ان کے شوہر یاسر نواز نے بھی ایک ویڈیو شیئر کردی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ کی پیروڈی کرتے نظر آرہے ہیں۔
ندا یاسر کے مارننگ شو کی یہ کلپ ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ اس کلپ میں میزبان ‘فارمولا ون ریسنگ کار’ اور انگریزی کے لفظ ’فارمولا‘ میں فرق نہیں کر پائیں۔

اس موضوع پر اپنی لاعلمی سے مہمان طالبعلموں سے پوچھے گئے بے تکے سوالات کی وجہ سے ندا کی یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ ٹوئٹر پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔ یہی نہیں بلکہ ان پر سیکڑوں میمز بنائے گئے جبکہ صارفین کی جانب سے انہیں مذاق اور کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ لوگوں نے ندا یاسر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ندا اپنے شو میں صرف شادیاں کروائیں، تو کسی نے کہا ایسا تب ہوتا ہے جب آپ اپنی ڈگری آن لائن مکمل کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: وقار ذکاء نے مارننگ شو میزبان ندا یاسر کے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا
لیکن تعجب کی بات یہ ہے کہ ندا کا مذاق اڑانے والوں کی فہرست میں صارفین کے ساتھ اب ان کے شوہر یاسر نواز بھی شامل ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز یاسر نواز نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ندا کی فارمولا ون کار کے حوالے سے لاعلمی پر سر پر دوپٹہ اوڑھے ان کی نقل کر رہے ہیں۔ یاسر نواز نے اپنی اس ویڈیو کو کوئی کیپشن نہیں دیا صرف ہنسنے والے ایموجی لگائے ہیں۔

یاسر نواز کی اس ویڈیو پر ناصرف صارفین کی جانب سے حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں تعریفی کلمات سے نوازا جارہا ہے۔ البتہ یاسر کی اس ویڈیو پر اہلیہ ندا کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جب اس وائرل ویڈیو پر صارفین کی جانب سے تنقید حد سے زیادہ بڑھ گئی تو ندا نے خود اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ وہ کوشش کریں گی کہ شو کے موضوع کے بارے میں مکمل ریسرچ کرکے ہی بات کریں۔
ندا نے انڈیپینڈنٹ اردو کو انٹرویو میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کلپ کو دیکھ کرخود بھی بہت ہنس رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اتنی پرانی بات ہے کہ انہیں صحیح طرح یاد بھی نہیں کہ ہوا کیا تھا تاہم مجھ سے غلطی ہوئی تھی اور آئندہ کوشش کروں گی کہ مکمل ریسرچ کرکے ہی بات کروں۔ دوران گفتگو ندا نے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے بہت سے اچھے شوزبھی کیے ہیں ، لیکن ان پر کوئی داد نہیں دیتا حالانکہ وہ شوز وائرل بھی ہوتے ہیں۔
0 Comments