ترکش یوٹیوبر نے تابوت اور قبر میں وقت گزارنے کا وعدہ پورا کردیا


-1

کہتے ہیں دنیا میں شہرت کا بھی اپنا ایک الگ نشہ ہے، ایک بار کسی کے منہ کو لگ جائے تو پھر وہ انسان کے اندر مزید کی بھوک کو بڑھاتا رہتا ہے۔ چاہئے پھر اس کے خاطر اسے اپنی زندگی کو ہی خطرے میں کیوں نہ ڈالنا پڑے۔ اس کی ایک بڑی مثال حال ہی میں ترکی کے شہر انقرہ میں دیکھی گئی، جہاں ایک یوٹیوبر نے خود کو تابوت میں بند کرکے 6 گھنٹے قبر میں گزارے۔

تفصیلات کے مطابق 25 سالہ محمد بہبیجک نامی ترکش یوٹیوبر نے چند روز قبل اپنے مداحوں سے کیا گیا وعدہ کرتے ہوئے، خود کو ایک تابوت میں بند کرکے تقریباً 6 گھنٹے قبر میں گزارے، بعدازاں اس یوٹیوبر نے اس پورے منظر کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی۔

Image Source: Screengrab

عالمی خبر رساں ادارے نے جاری کردہ خبر میں بتایا کہ محمد بہجیجک نامی نوجوان یوٹیوبر نے ساڑھے چار لاکھ سبسکرائبر ہونے کے بعد فالورز سے کیا گیا وعدہ خود کو دفن کرکے پورا کردیا۔

اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ یوٹیوبر نے اپنے فالورز سے وعدہ کیا تھا کہ ساڑھے چار لاکھ سبسکرائبر ہونے پر وہ خود کو ایک تابوت میں بند کرکے کئی گھنٹے قبر میں گزاریں گے اور اس کی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ بھی کریں گے۔ چنانچہ جوں ہی یوٹیوبر کے فالورز کی تعداد ساڑھے چار لاکھ پہنچی، تو یوٹیوبر نے مداحوں سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرنے کا فیصلہ کیا۔

Image Source: Screengrab

اس مقصد کے لیے محمد بہجیجک نامی نوجوان یوٹیوبر اسٹار نے خصوصی تابوت بنوایا تھا، جس کی تیاری میں کم وبیش20 ہزار لیرا (ترکش کرنسی) کا خرچہ آیا تھا۔ یہی نہیں یوٹیوبر کی جانب سے قبر میں 6 گھنٹے رہنے کے تجربے دوران کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم بھی طلب کر رکھی تھی۔

اس موقع پر میڈیکل ٹیم کے پاس آکسیجن سیلنڈر، کیمرے، ریڈیو اور متعدد طبی آلات بھی موجود تھے تاکہ قبر میں موجودگی کے دوران ناصرف یوٹیوبر کی صحت کی نگرانی کی جا سکے، بلکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔

Image Source: Screengrab

قبر میں اتارنے کے بعد نوجوان یوٹیوبر کو تقریباً 6 گھنٹے بعد قبر سے نکالا گیا، خوش قسمتی سے وہ محفوظ تھے اور ان کی حالت بہت بہتر تھی۔ بعدازاں انہوں نے یہ ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر شئیر کرتے ہوئے اسے اپنے مداحوں کے نام کر دیا۔

واضح رہے یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کہ کسی سوشل میڈیا اسٹار نے مداحوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور شہرت حاصل کرنے کے لئے اس قسم کی نامعقول حرکت کی ہے۔

کچھ عرصہ قبل مصر سے تعلق رکھنے والی ام زیاد نامی خاتون یوٹیوبر کی جانب سے ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں وہ شوہر اور بچوں کے ہمراہ کھانا کھا رہی تھیں اور اس دوران ان کی طبعیت خراب ہوتی ہے اور وہ انتقال کر جاتی ہیں، جس پر بچوں اور شوہر کو روتے ہوئے دیکھا گیا تھا بعدازاں خاتون ہنستے ہوئے کھڑی ہوتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ انہوں نے مذاق کیا تھا۔ لیکن قسمت کا کرنا یہ ہوتا تھا کہ ٹھیک ایک سال کے بعد اس ہی روز خاتون اچانک حقیقت میں انتقال کرگئیں تھیں۔

خیال رہے پاکستان میں بھی ٹک ٹاکرز عادل راجپوت اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ایسا ہی ایک مذاق کیا گیا تھا، عادل چوہدری نے ٹک ٹاک پر ایک پیغام جاری کیا تھا، جس میں مداحوں کو بتایا تھا کہ ایک کار حادثے کے نتیجے میں ان کے شوہر عادل چوہدری انتقال کرگئے ہیں، انہیں کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد دونوں کی طرف سے اسے غلط فہمی قرار دیا گیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *