وسیم اکرم کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی،سچن نے اسٹار باؤلر کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے


0

پاکستان کے سابق اسٹار کرکٹر وسیم اکرم کے بارے میں سابق بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ وسیم اکرم کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی۔

سابق عظیم بھارتی بیٹر نے پاکستانی لیجنڈ پیسر کی سوانح عمری میں اپنی تحریر میں لکھا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم مگر اصل میں یہ بیٹ اور بال کی جنگ ہوتی ہے،وسیم اکرم حریفوں کے لئے چیلنج ثابت ہوتے تھے۔اس معیار کے بولر کے مقابل کھیلتے ہوئے بیٹر کو بھی بہت کچھ سیکھنے اور اپنا کھیل بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے، یہ تجربہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ وسیم اکرم ایک ماسٹر تھے جن کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی، زیادہ تر بولرز کے برعکس سابق پیسر کا رن اپ نیچرل تھا،ان کو قدم گننے کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی۔وسیم اکرم کسی بھی سٹارٹ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے موثر ہوتے، میں نے جب پہلی بار ان کا سامنا کیا تو بالکل ہی نیا اور منفرد تجربہ ہوا، ان کے خلاف کھیلا گیا ہر میچ مجھے یاد ہے۔ میدان میں زبردست جنگ ہوتی رہی مگر ہم باہر ہمیشہ ہی بہترین دوستوں کی طرح ملتے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان، فاسٹ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں، وہ 18 سالہ کریئر کے بعد 2003 میں وہ انٹرنیشنل کریئر سے ریٹائر ہوگئے تھے اور ریٹائرمنٹ تک انہوں نے 900 سے زیادہ انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے اپنی پہلی بیوی کے وفات کے بعد شنیرا سے دوسری شادی کی، پہلی بیوی سے دو بیٹے جبکہ دوسری بیوی سے 7 سالہ بیٹی ہے۔ وسیم اکرم نے تقریباً دو دہائی قبل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم سوشل میڈیا پر ان کی کھیل سے جڑی سرگرمیوں کی ویڈیوز کافی وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ دنوں وسیم اکرم نے اپنی آٹو بائیوگرافی ’سلطان اے میموئر‘ میں کرکٹ کے بارے میں کئی حیران کن انکشافات بھی کیے ہیں۔اس سوانح عمری کے مصنف ایک مشہور انگریزی مصنف ہیں جبکہ اس کتاب کا اردو سمیت کئی زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔ اس کتاب میں وسیم اکرم نے اپنی ذاتی زندگی اور کرکٹ کیریئر سے جڑی یادیں شیئر کرنے کے ساتھ 1992 کے ورلڈ کپ، عمران خان پر بات کرنے کے علاوہ کرکٹ سے متعلق چند اہم واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔

دوسری طرف اگر ‘لٹل ماسٹر’ کا لقب حاصل کرنیوالے سچن ٹنڈولکر کی بات کریں تو آج بھی وہ کرکٹ کی دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیے جاتے ہیں، بھارت کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز بھارت رتن کے حامل وہ سب سے پہلے کھلاڑی ہیں۔ سچن ٹنڈولکر کا پورا نام سچن رمیش ٹنڈولکر ہے۔ ان کی شادی انجلی ٹنڈولکر سے ہوئی، جو ڈاکٹر ہیں۔ ان کے دو بچے سارہ ٹنڈولکر اور ارجن ٹنڈولکر ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر نےفرسٹ کلاس کیریئر کے پہلے میچ میں سنچری اسکور کی ہے۔واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے بھی فرسٹ کلاس کے پہلے میچ میں سنچری داغی تھی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *