شادی میں رخصتی کے وقت اپنے گھر والوں سے بچھڑنے کا غم ہر دلہن کو رُلا دیتا ہے لیکن پڑوسی ملک بھارت میں ایک نئی نویلی دلہن کے ساتھ رخصتی کے وقت عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جس نے شادی کی تقریب کو غم میں بدل کر رکھ دیا۔ خبر رساں ادارہ دی کرنٹ کی جاری کردہ خبر کے مطابق بھارت میں رخصتی کے وقت مسلسل رونے کی وجہ سے دلہن کو دل کا دورہ پڑا اور وہ موقع پر دم توڑ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست اوڈیشا کے علاقے سونپور میں شادی کی تقریب میں دلہن کی اچانک ہلاکت نے ماحول سوگوار کردیا۔
روزی ساہو نامی دلہن جن کا تعلق جلندا گاؤں سے ہے کی شادی ضلع بالاگیر میں تیتل گاؤں کے جو بسیکیسن پرادھن نامی شخص سے ہوئی تھی۔ شادی کی رسومات پوری ہونے کے بعد جب نوبیاہتا دلہن کے گھر والے اسے سسرال کے لیے رخصت کررہے تھے تو وہ اپنے گھر والوں سے مل کر اس قدر روئی کہ روتے ہوئے بے ہوش ہو کر گرپڑی اور جب دلہن کو اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اس موقع پر اہل خانہ کا کہنا تھا کہ دلہن روزی ساہو کے والد کا چند ماہ قبل ہی انتقال ہوا تھا اور وہ اپنے والد کی موت اور انہیں کھو دینے کی وجہ سے صدمے میں تھی۔ جب کہ شادی کے تمام انتظامات دلہن کے ماموں نے کیے تھے۔
دلہن کی اس اچانک ہلاکت پر اہل محلہ نے بتایاکہ کہ اپنے والدکے اچانک انتقال کی وجہ سے گپتسواری ساہو رخصتی کے وقت دباؤ میں تھی اور اس کی شادی کا اہتمام بھی ماموں کی جانب سے کیا گیا تھا۔اہل محلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ اس کی موت اس طرح ہوجائے گی، وہ اچھی لڑکی تھی۔
اس واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہےکہ دلہن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی معاملے کے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔ دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ دلہن کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ زیادہ رونے کی وجہ سے دلہن کی ہچکی بندھ گئی تھی جس کی وجہ سے اسے دل کا دورہ پڑا کیونکہ کبھی کبھی ہچکی کا اثر دل پر بھی پڑتا ہے۔
شادی کے موقع پر رخصتی کے وقت کسی بھی دلہن کی آنکھوں میں آنسو آنا یا خاندان بھر کو چھوڑ دینے کے باعث رونا اور اُداسی میں مبتلا ہوجانا فطری بات ہے لیکن جب یہ لمحہ کسی نئی نویلی دلہن کے لئے سسرال جانے سے پہلے ہی موت کا سبب بن جائے تو خاصا دردناک محسوس ہوتا ہے۔
0 Comments