
تصور کریں کہ شادی کے دن دولہا دلہن کے لئے اسٹیج سج گیا ہو ،سب تیاریاں بالکل مکمل ہوں اور سب گھر والے خوش باش شادی کی رسومات کی ادائیگی کررہے ہوں ، دلہن کے گھر والوں کے دل میں بیٹی کی وداعی کا غم تو ہو مگر ساتھ ہی اس کی نئی زندگی کی شروعات پر خوش بھی ہوں اور انہی ملی جلی کیفیات کے دوران اگر اچانک سے نئے جوڑے میں سجی سنواری دلہن کا انتقال ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟ یقیناً آپ کے ذہن میں آۓ گا کہ شادی کی تقریب ماتم میں بدل جائے گی مگر بھارت میں جب ایسا ہوا تو شادی کا منڈپ ماتم کدہ نہیں بنا بلکہ دولہا نے ہونے والی بیوی کی بہن یعنی اپنی سالی سے شادی کرلی۔
پڑوسی ملک بھارت کی ریاست اترپردیش میں ایسا اس وقت ہوا جب منجیش نامی شخص کی سروبھی نامی لڑکی سے شادی کی رسومات ادا کی جا رہی تھیں کہ کم عمر دلہن نے پھیروں کی رسم سے قبل طبعیت بگڑنے کی شکایت کی اور بے ہوش ہوکر گر پڑی۔ گھر والوں نے اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا مگر وہاں اسے مردہ قرار دیدیا گیا اور موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی گئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی میں شریک خاتون نے بتایا کہ دلہن شادی کے روز بہتر محسوس نہیں کررہی تھی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو کر گر گئی اور ایمبولنس کو بلایا گیا تو پیرامیڈیکس نے دلہن کی موت کی تصدیق کردی۔
اس افسوس ناک صورتحال کے بعد شادی میں شریک مہمانوں کا خیال تھا کہ اب شادی کی تقریب منسوخ کردی جائے گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔ دلہن کے انتقال کے بعد دولہا منجیش کے گھر والوں نے لڑکی کے گھر والوں سے بات چیت کی اور متبادل حل تلاش کرنے پر متوجہ کیا اور اس دوران دولہا کو اس کی ہونے والی سالی سے شادی کا مشورہ دیا گیا جسے دلہن کے گھر والوں نے مان لیا ، جس کے بعد دولہا نے اسی منڈپ میں اپنی ہونے والی سالی سے شادی کرلی۔ اس عجیب وغریب واقعے پر دلہن کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک تکلیف دہ صورتحال تھی کہ میری ایک بہن کی میت ایک کمرے میں پڑی تھی اور دوسرے کمرے میں دوسری بہن کی شادی ہورہی تھی۔

دلہن کے ایک اور رشتے دارنے بتایا کہ ان کے لئے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا کہ ایک بیٹی اچانک چل بسی اور دوسری کی شادی کی جا رہی تھی، انہوں نے کبھی اس طرح کے ملے جلے جذبات کا تجربہ نہیں کیا تھا، دلہن سروبھی کی موت کا غم اور دوسری بہن کی شادی کی خوشی۔تاہم ،شادی کی تقریب ختم ہونے کے فوری بعد مرنیوالی دلہن کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
مزید پڑھیں: بھارت میں شادی کی تقریب میں رخصتی کے وقت زیادہ رونے سے دلہن ہلاک
اس سے قبل بھی بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آچکا ہے کہ جس میں شادی کے دن دلہن کے گھر ایک بارات کے بجائے دو دولہا بارات لے کر پہنچ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دلہن موہانی نے ایک دولہا (ببلو )کو ہار پہنایا جب کہ دوسرے دولہا(اجیت ) سے شادی کرکے رخصت ہوگئی جس پر پہلے دولہا کے گھر والے طیش میں آگئے اور ہنگامہ کردیا۔ بعد ازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے لڑکی کے والد اور انکل سمیت اجیت کے اہل خانہ کو حراست میں لے لیا، پولیس کی جانب سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
0 Comments