
پاکستان فلم وڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ صبا قمر فلم ‘کملی’ میں اپنی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے آجکل انٹرویوز دینے میں مصروف ہیں۔حال ہی میں ملیحہ رحمان کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور اپنی شادی کے بارے میں گفتگو کی۔
اس شو کے دوران جب میزبان نے صبا قمر سے فیوچر پلاننگ کے بارے میں سوال پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اچھے کی امید کرنی چاہیے۔ البتہ میں اپنی زندگی میں ایک شخص کو پا کر خوش ہوں ، وہ بیرون ملک رہتے ہیں اور الحمداللہ مسلمان ہیں۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ مجھے ایسے رشتوں سے ڈر لگتا تھا لیکن اب میں ’اُن‘ کی وجہ سے نہیں ڈرتی۔ ابھی شادی طے نہیں ہوئی لیکن ہم جلد ہی شادی کر لیں گے اور اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ حج کرنا میرا خواب ہے۔ ایکٹنگ کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میں اداکاری جاری نہیں رکھوں گی کیونکہ میرے لیے بیک وقت کیریئر اور اپنی شادی شدہ زندگی دونوں کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اتنی ایماندار اور وفادار انسان ہوں کہ اگر مجھے اپنے شریکِ حیات کے لیے کیریئر کو الوداع کرنا پڑا تو میں کروں گی۔

خیال رہے کہ صبا قمر کا شمار ہماری انڈسٹری کی اُن چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنی بھرپور ایکٹینگ سے کردار میں جان ڈالنے کا فن باخوبی جانتی ہیں۔ لیکن ڈراموں میں مضبوط کردار ادا کرنے والی یہ خوبصورت اداکارہ اپنی حقیقی زندگی میں عشق میں ناکامی کا سامنا کرچکی ہیں۔ اس بات کا اعتراف صبا قمر نے خود ایک انٹرویو میں کیا اور بتایا کہ انہوں نے ایک شخص کے لئے اپنی زندگی کے 8 سال ضائع کردئیے اور اس شخص نے انہیں بغیر بتائے شادی کرلی اور اس کی شادی کی خبر بھی فیس بک کے ذریعے ملی۔

بعد ازاں گزشتہ برس صبا قمر کا نام آسٹریلیا میں مقیم بلاگر عظیم خان کے ساتھ جڑا اور دونوں نے شادی کرنے کا اعلان بھی کیا تاہم عظیم خان پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات لگنے پر اداکارہ نے شادی کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔
اب دوبارہ صبا قمر نے جلد شادی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں ایک شخص ہے اور جلد ہی ان کے مداح اور میڈیا اس کے متعلق جان جائیں گے۔ اداکارہ نےنجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ جلد اس شخص سے شادی کرنے والی ہیں جس کے دئیے ہوئے پھولوں کی ویڈیوز وہ اکثر شیئر کرتی رہتی ہیں۔مذکورہ انٹرویو میں جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ آپ کب شادی کریں گی؟ تو اس سوال پر انہوں نے شرماتے ہوئے کہا کہ جیسے حالات چل رہے ہیں لگ رہا ہے کہ بہت جلد ہی کچھ ہونے والا ہے۔ہاتھوں پر مہندی سجانے اور شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر صبا قمر نے شرماتے ہوئے شرارتی انداز میں بتایا کہ جلد ہی وہ دن آئے گا جس کا لوگوں کو انتظار ہے۔ تاہم دوران انٹرویو اداکارہ نے اپنے اس پسندیدہ شخص کی شناخت بتانے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں صبا قمر کی فلم ‘کملی’ کے کراچی میں منعقد ہونیوالے پریمئیر میں انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے اداکاری بھرپور پذیرائی ملنے پر ان کے رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے اس قدر وائرل ہوئی کہ ٹوئٹر پر بھی ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا
0 Comments