
پاکستان شوبز انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ صباء قمر اور نوجوان گلوکار بلال سعید کی مشکلات میں ایک اور اضافہ ہوگیا ہے۔ فلمی اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کا لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد میں گانے کی شوٹنگ کا معاملہ اب سوشل میڈیا پر تنقید سے آگے بڑھ کر تھانے کچہری تک جاپہنچا ہے۔
جی ہاں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں مبینہ رقص کے معاملے پر اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دونوں فنکاروں پر مقدمہ لاہور کے تھانے اکبری گیٹ میں ایڈوکیٹ فرحت منظور خان کی مدعیت درج کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں پاکستان پینل کورٹ کی دفعہ 295 لگائی گئی ہے۔
اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف درج ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں فنکاروں کی جانب سے مسجد کا تقدس پامال کیا گیا ہےجبکہ مسجد میں گانے کی عکس بندی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ درج شدہ ایف آئی آر میں مسجد انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت سے سخت کاروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے.

واضح رہے ایدوکیٹ فرحت منظور خان کی جانب سے اکبری تھانے میں اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست 10 اگست کو جمع کرائی گئی۔ جس پر گزشتہ رات 13 اگست کو عمل درامد ہوا۔ جبکہ اس سے قبل لاہور کی تاریخی مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کے معاملے پر کراچی میں ایڈوکیٹ لیاقت گبول کی جانب سے بھی صباء قمر، بلال سعید اور دائریکٹر سمیت دیگر کے خلاف ڈسٹرک اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست جمع کروائی گئی تھی۔

ایڈوکیٹ لیاقت گبول کی جانب سے درخوست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صباء قمر نے مسجد میں رقص کرکے مسجد کے تقدس کو پامال کیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز دیکھ کر شدید افسوس ہوا۔ جس پر تھانہ سٹی کورٹ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی البتہ ہولیس کی جانب سے منہ کردیا گیا، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اداکارہ صباء قمر، گلوکار بلال سعید، ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور دیگر لوگوں کے خلاف مسجد کی بےحرمتی کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
مزید جانئے: گلوکار بلال سعید نے بھی وزیر خان مسجد کے واقعہ پر معافی مانگ لی
یاد رہے چند روز قبل سوشل میڈیا پر گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صباء قمر کے آنے والے گانے “قبول ہے” کی عکس بندی کی کچھ ویڈیوز اور تصاویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں، جوکہ لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کی تھیں۔ جس پر سوشل میڈیا پر صارفین کی طرف دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے دنوں فنکاروں یعنی اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کی جانب سے معافی کے پیغامات جاری ہوئے ساتھ ہی وضاحت بھی دی کہ کسی بھی قسم کا میوزک یا ڈانس نہیں ہوا تھا، جس کے گواہ مسجد انتظامیہ کے لوگ ہیں۔ وہاں محض فوٹو شوٹ کیا گیا تھا۔ وہ مسلمان ہیں اور اس قسم کی غلطی کا تصور بھی نہیں کرسکتے ہیں۔
0 Comments