
رمضان کا بابرکت مہینہ مسلمانوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس ماہ مبارک میں ناصرف روحانی بلکہ جسمانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ عام طور پر لوگوں میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ روزہ انسانی صحت کے لئے کمزوری کا باعث بنتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ ہمارے جسم کو مختلف قسم کی بیماریوں سے پاک کرتا ہے بلکہ یہ مختلف قسم کی بیماریوں سے چھٹکارا پانے کے لئے کیمیائی نسخہ بھی ہے۔ لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم رمضان کے دوران اپنی خوارک کا مکمل خیال رکھیں تاکہ یہ روزے ہماری صحت کے لیے سود مند ثابت ہوسکیں۔
یہاں ہم آپ کو رمضان المبارک صحت مند رہنے کے ایسے آسان ٹوٹکے بتائیں گے جن پرعمل کر کے آپ روزوں کے دوران بھی فٹ رہ سکتے ہیں۔
سحری لازمی کھائیں؛

اگر آپ چاہتے ہیں کہ رمضان کا مہینہ صحت مند رہ کر گزاریں تو سحری لازمی کریں اور بنا سحری کا روزہ رکھنے سے پرہیز کریں۔ سحری میں کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں جیسے روٹی اور آلو وغیرہ فائدہ مند ہوتی ہیں جو کہ ہضم ہونے میں زیادہ وقت لیتی ہیں جبکہ جسمانی توانائی کو دیر تک برقرار رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ فائبر سے بھرپور پھل اور اجناس جیسے کیلے، سیب اور جو وغیرہ بھی دیر تک پیٹ کو بھرے رکھتے ہیں جبکہ قبض سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں، تاہم ان کی زیادہ مقدار کھانے سے گریز کرنا چاہیے، ورنہ پیاس زیادہ لگتی ہے۔
پروٹین سے بھرپور غذا کو بھی سحری کا حصہ بنانا چاہیے جن میں انڈے، چکن، دہی اور دالیں وغیرہ قابل ذکر ہیں، پروٹینز روزے دار کو جسمانی طور پر متحرک رہنے کے ساتھ ساتھ جسمانی توانائی کو بھی برقرار رکھتے ہیں۔
کافی اور چائے مت پئیں؛

سحری میں کافی اور چائے پینے سے صحت پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوتے اور ان کے استعمال سے نہ صرف دانت خراب ہوتے ہیں بلکہ منہ سے بھی بو آتی ہے لہٰذا سحری کے وقت ان کا استعمال نہ کریں۔
پانی زیادہ پئیں؛

روزوں میں جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے جبکہ اسے روز آٹھ گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے کوشش کریں کے سحر میں اور افطار کے بعد پانی زیادہ سے زیادہ پیئں تاکہ پانی کی کمی نہ ہو۔
صحت بخش غذائیں کھائیں؛

افطار میں اکثر ایسی غذائیں زیادہ کھائی جاتی ہیں جو صحت کے لیے بہت نقصان دہ ہوتی ہیں، اسی لیے کوشش کریں کہ افطار سادہ کریں اور اعتدال کے ساتھ کھائیں۔ طبی ماہرین کے مطابق کھجور کے ساتھ پھلوں سے افطار کرنا صحت کے لئے مفید ہے کیونکہ روزے دار کو زیادہ سے زیادہ متوازن غذا کا استعمال کرنا چاہیئے۔ افطار میں ایسے پھل سبزیاں کھانا چاہیئں جن میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہو ، یہ وٹامن سی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے۔
تلی ہوئی اشیاء کم کھائیں؛

افطار میں سموسے اور پکوڑے کھانا کولیسٹرول میں اضافے اور صحت کی خرابی کا باعث بنتے ہیں، اسی لیے رمضان میں ان کے زائد استعمال سے اجتناب کرنا چاہیئے کیونکہ تمام دن کے بعد معدے کو متوازن اور صحت مند غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔ غذا میں چکنائی کی زیادتی خطرناک ثابت ہوتی ہے جب کہ روزے کی حالت میں اس چکنائی سے معدے میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے جس سے نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔
دانت صاف کرنا نہ بھولیں؛

ماہ رمضان میں کوشش کریں کہ اپنے دانتوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں ، سحر وافطار کے بعد دانتوں کو برش کریں تا کہ منہ میں کھانے کے زرات نہ رہیں تاکہ منہ سے بو نہ آئے۔
0 Comments