سابق امیر جماعت اسلامی منور حسن کراچی میں انتقال کرگئے


0

سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن طویل علالت کے بعد اناسی برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ اہلخانہ کے مطابق منور حسن کافی روز سے ایک نجی اسپتال میں ویٹیلیٹر پر زیر علاج تھے۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن 5 اگست 1941 کو دہلی میں پیدا ہوئے بعدازاں قیام پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے پاکستان ہجرت کرلی تھی۔ سید منور حسن نے سال 2009 سے 2014 تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ جماعت اسلامی پاکستان کے چوتھے منتخب امیر تھے۔

سید منور حسن نے نیشنل اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنی طلبہ سیاست کا آغاز کیا تھا جبکہ سال 1959 وہ نیشنل اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے صدر بھی منتخب ہوئے تھے۔ بعدازاں سید منور حسن نے نیشنل اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے اپنے راستے علحیدہ کر لئے تھے اور سال 1960 میں منور حسن نے اسلامی جمعیت طلبہ میں شمولیت اختیار کرلی تھی جہاں کچھ ہی عرصے بعد وہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم منتخب ہوئے تھے۔

٭سید منور حسن1977کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے کھڑے کیے جانے والے امید وار جمیل الدین عالی کو شکست دی اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لینے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ جبکہ ساتھ ہی انہوں نے1977میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے۔ ساتھ ہی سید منور حسن نے1977میں چلائی جانے والی تحریک نظام مصطفی کے بھی کافی سرگرم رکن رہے تھے۔

اگر تعلیمی اعتبار سے بات کی جائے تو سید منور حسن نے جامعہ کراچی سے مختلف عرصے میں عمرانیات اور اسلامیات میں ماسٹرز کررکھا تھا جبکہ ساتھ ہی وہ زمانہ طالب علمی سے ہی ایک بہترین مقرر کے طور پر جانے اور پہچانے جاتے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر آتے ہی پاکستان کے نامور سیاستدانوں کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی محترم سید منور حسن صاحب کی نماز جنازہ 27 جون بروز ہفتہ بعد نماز ظہر عید گاہ گراونڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی جبکہ نماز ظہر 1:30 بجے گراونڈ میں ہی ادا کی جائے گی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *