
اگرچہ پاکستان کو وجود میں آئے ہوئے اتنا زیادہ وقت نہیں گزرا ہے، ہمارا شمار محدود وسائل کے ساتھ ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے البتہ خوش قسمتی سے اللہ تعالیٰ کا اس خطے پر بہت ہی کوئی خاص کرم ہے کہ اس نے تھوڑے ہی وقت کے عرصے میں دنیا کو زبردست تکنیکی ذہین دیئے ہیں جو ناصرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر اپنا ایک الگ اور منفرد مقام رکھتے ہیں۔
انہی چند ذہین ترین اور باصلاحیت ناموں میں سے ایک نام ڈاکٹر عمیر شاہ کا ہے، جن کی میڈیکل سائنس کے شعبے میں بےشمار خدمات ہیں۔ ڈاکٹر عمیر شاہ کا بنیادی طور پر تعلق پاکستان سے ہے، تاہم وہ اپنی فیلمی کے ہمراہ امریکہ میں مقیم ہیں اور وہیں اپنی پیشہ وارانہ خدمات بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں پاکستانی نژاد ڈاکٹرعمیر شاہ کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں امریکی ریاست واشنگٹن کا وزیر صحت مقرر کردیا گیا ہے۔ ریاست واشنگٹن کے گورنر جے انسلی نے پاکستانی نژاد ڈاکٹر عمیر شاہ کو ریاست کا نیا وزیر صحت مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمیر شاہ 21 دسمبر کو موجودہ وزیر صحت جان ویزمین کی جگہ واشنگٹن کے نئے وزیر صحت کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گے۔ اس وقت وہ 2013 سے ہیرس کانٹی میں پبلک ہیلتھ کے شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
اس دوران امریکی ریاست واشنگٹن کے گورنر جے انسلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عمیر شاہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عمیر شاہ نے صحت عامہ (پبلک ہیلتھ) کے شعبے بے مثال مہارت، علم و معلومات میں اضافہ کیا ہے۔ اس وقت کورونا وائرس سے بیمار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا ڈاکٹر عمیر شاہ کی قیادت یقینا کورونا وائرس کے اس مشکل مرحلے میں ہمارے لئے مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں بے اس دوران مزید کہا کہ ڈاکٹر عمیر شاہ کے ہر فیصلے میں مساوات اور انصاف کا عنصر شامل ہوتا ہے کیونکہ وہ تنظیموں کی رہنمائی اس لئے ہی کرتے ہیں کہ وہ ہر ایک کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وباء سے قبل ڈاکٹر عمیر شاہ ایچ ون این ون انفلوئنزا (سوائن فلو) ، ایبولا وائرس اور زیکا وائرس جیسی خطرناک بیماریوں پر بھی کام کرچکے ہیں۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عمیر شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ ایک فخر کی بات ہے کہ وہ واشنگٹن میں سیکرٹری ہیلتھ سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ جبکہ اپنی ترجیحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح ہوگی کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کو جاری رکھیں اور واشنگٹن کے لوگوں کو اس مشکل صورتحال سے باہر نکالیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وباء کورونا وائرس نے صحت عامہ (پبلک ہیلتھ) اور ہیلتھ کئیر کو ایک ساتھ کام کرنے کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے، لہٰذا مجھے یقین ہے کہ ان مشکل وقتوں میں اور آگے بھی میرا تجربہ ریاست واشنگٹن کی اچھی طرح خدمت کرے گا۔
0 Comments