دھوپ جہاں ہمارے لئے وٹامن ڈی کے حصول کا اہم اور آسان ذریعہ ہے وہیں اس کے کئی نقصانات بھی ہیں۔ خصوصاً گرمیوں میں سورج کی تی شعاعوں کی وجہ سے جلد کی رنگت میں تبدیلی آتی ہے اور جلد کا رنگ سیاہ ہوجاتا ہے، کچھ افراد کی جلد حساس بھی ہوتی ہے اور تیز دھوپ میں لُو چلنے سے ان کی جِلد جھلس کر کھردری اور سیاہ ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ جبکہ بعض افراد کو تو دھوپ سے الرجی بھی ہوتی ہے، ان افراد میں دھوپ سے الرجی کا مرض یا تو موروثی ہوتا ہے یا پھر کسی دوا کے منفی اثرات کے باعث وہ اس کیفیت کا شکار ہوتے ہیں۔دھوپ سے الرجی رکھنے والے افراد کو علاج کے ساتھ احتیاط بھی لازمی کرنا پڑتا ہے البتہ معمولی نوعیت کی الرجی تو بنا علاج کے خود ہی ٹھیک ہوجاتی ہے لیکن اگر اس میں شدت آجائے تو پھر معالج اسٹیرائڈ کریم یا دیگر ادویات کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔
(Dhoop Say Allergy) دھوپ سے الرجی
اکثر اوقات تمام حفاظتی اقدامات کے باوجود بھی دھوپ کی تپش سے جلد میں الرجی ہوجاتی ہے جو پورے جسم میں خارش بھی پیدا کرتی ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتی، جب تک دوائی استعمال کرتے رہیں تو آرام رہتا ہے اور اگر چھوڑ دیں تو پھر وہی حال ہوجاتا ہے۔ایسے میں قرآنی آیات سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے اور الرجی کی دُعا سے جلد امراض سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔حضرت علی ؓ کی روایت کے مطابق سورہ مومنون کی آیت نمبر 14 اکیس مرتبہ اول و آخر تین تین مرتبہ درود ابراہیمی پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لیں اور یہ پانی اس وقت تک پیئں جب تک آرام نہیں آجاتا۔
(Allergy Ki Dua) الرجی کی دُعا
حضرت جعفر بن صادق ؓ سے روایت ہے کہ جلدی امراض سے بچنے کے لئے یہ الرجی کی دُعا پڑھیں، طریقہ یہ ہے کہ اول آخر تین تین مرتبہ درود ابراہیمی پڑھ کر سورہ قدر سات مرتبہ پڑھیں اور پانی پر دم کرکے اس پانی کو صبح شام پانی پی لیں انشاء اللہ اس کی برکت سے بھی اللہ اپنی رحمت سے شفاء عطافرمائیں گے۔
جھلسی جِلد کو نکھارنے کے ٹوٹکے
قرآنی آیات کے ساتھ ساتھ آپ دھوپ سے جھلسی چہرے کی جلد کو ٹھیک کرنے کے لئے گھریلو اجزا سے تیار کردہ اسکن پیک کا استعمال بھی کرسکتے ہیں کیونکہ یہ جلد کے لئے بے حد مفید ہے۔اس کے لئے دو ٹیبل اسپون مسور کی دال کو تھوڑی دیر پانی میں بھگو کر پیس لیں پھر اس میں ایک ٹیبل اسپون ٹماٹر کا جوس اور آدھا ٹیبل اسپون ایلوویرا جیل شامل کریں۔اب اس اسکن پیک کو 3 منٹ تک اپنے چہرے پر لگائیں اور سوکھنے پر ٹھنڈے پانی کی مدد سے دھو لیں۔ٹماٹرکے جوس میں موجود سائٹرک ایسڈ قدرتی طور پر ٹین ریمور ہے، یہ جلد کے سیاہ دھبوں کی رنگت کو دُور کرتا ہے جبکہ ایلوویرا جلد کو نمی اور نرمی دیتا ہے۔
دودھ بھی جلد کو صاف کرنے کے لیے انتہائی مؤثر ہے، یہ چہرے سے گرد وغبار صاف کرتاہے۔ طریقہ استعمال یہ ہے کہ روئی کو تھوڑے سے دودھ میں ڈبوئیے اور پانچ منٹ تک چہرے کے ہر حصے پر دائروں کی صورت میں گھمائیے۔ کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیجئے۔اس طریقے سے دھوپ سے جھلسی جلد کا رنگ صاف ہوجائے گا۔
یاد رکھیں کہ گرمیوں میں تیز دھوپ سے الرجی کے ساتھ دیگر جلدی امراض بھی پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتاہے، اسی وجہ سے ہرسال گرمی میں دھوپ سے الرجی کے امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ چنانچہ گرمیوں کے موسم میں دھوپ سے الرجی اور دیگر جلدی امراض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ دھوپ میں نہ نکلیں اور اگر باہر نکلنا ضروری ہو تو باہر نکلنے سے پہلے سن اسکرین کو اپنی گردن، ہاتھوں اور جلد کی ہر اس جگہ پر لگائیں جہاں دھوپ پڑ سکتی ہے ، پانی زیادہ سے زیادہ پیئں اور دھوپ سے بچنے کے لئے چہرہ اور ہاتھوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔
0 Comments