اسسٹنٹ کمشنر کے ولیمے میں مستحق بچے بنے مہمان


0

اکثر دیکھا ہے کہ جو جتنا زیادہ دولت مند اور باشعور ہوتا ہے اس کی شادی کی تقریبات میں اتنی کی فضول خرچی ، ڈھول ڈھمکے اور شوخ بازی ہوتی ہے، لیکن اس حقیقت کے برعکس بنوں کے اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر نتاشہ رضوان نے ایک بہترین مثال قائم کردی۔ یہ نوبیاہتا جوڑا چند روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا ہے اور ان کے غیر روایتی دعوت ولیمہ کی تقریب نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اس جوڑے نے بس ایک سڑک کا انتخاب کیا، وہیں ایک معمولی سا اسٹیج سجایا، کرسیاں رکھیں، بڑے اعلیٰ مہمانوں کے بجائے سڑک پر رہنے والے بچوں کو مہمان بنایا، ان کو کھانا کھلایا، تحائف تقسیم کئے اور ان کے ساتھ مل کر پودے بھی لگائے۔

Image Source: Pakistan Observer

اس منفرد دعوت ولیمہ پر اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی خطرناک لہر میں رش سے بھرپور محفلیں غیر دانشمندانہ ہو سکتی ہیں ، اس لیے مناسب سمجھا کہ ایسی چھوٹی چھوٹی تقریبات کا انعقاد مستحق بچوں کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادیوں اور تقریبات میں رشتے داروں اور خاندان کے افراد کو بھی شامل کرنا چاہیے، مگر اسی کے ساتھ ساتھ ایسے لوگوں کو بھی شامل کرنا ضروری ہے جو عام طور پر معاشرے کا نظرانداز طبقہ ہے، جیسے گلیوں میں گھومنے پھرنے والے بچے ہیں۔

Image Source: Pakistan Observer

ان کا کہنا تھا اس سلسلے میں ہم نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے زیر انتظام اسکول ”ایچ ون ٹیچ ون فاؤنڈیشن” کے بچوں کو اپنے ولیمے میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا۔ نجی فاؤنڈیشن ضرورت مند خاندانوں کے بچوں کو اپنے اسکول میں مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

Image Source: Pakistan Observer

اس جوڑے کا یہ کہنا ہے کہ معاشرے سے غیر ضروری رسم ورواج کے خاتمے اور غیر معمولی اخراجات سے بچنے کے لئے سادہ شادیوں کو معمول بنایا جانا چاہیے۔ اسٹنٹ کمشنر اور ان کے اہلیہ نے تقریب میں آئے ہوئے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

Image Source: Pakistan Observer

یہ غیر روایتی ولیمہ فوراً ہی عوام کی مرکز نگاہ بن گیا ، متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس ولیمے کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں جب کہ اس جوڑے کا غیر روایتی انداز میں ولیمہ منانے پر زبردست خیر مقدم کیا۔سوشل میڈیا صارفین تو دعوت ولیمہ کی تقریب کو سادگی کی اعلیٰ مثال کہہ رہے ہیں کیونکہ ایک سیاسی بااثر شخص کبھی بھی اپنی شادی اس معمولی انداز سے نہیں کرتا۔

اس سے قبل ، عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے غریب طبقے کے معاشی ابتر حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے رواں سال جنوری میں میں ایک نوجوان جوڑے نے اپنے دعوتِ ولیمہ کو ضرورت مندوں کیلئے وقف کرکے سبھی پاکستانیوں کے دل جیت لئے تھے۔ اس نوجوان جوڑے نے اپنے زندگی کے اس خاص دن کے موقعے پر ضرورت مندوں کو خود کھانا تقسیم کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔ جوڑے کی ایک تصویر میں تو لڑکی یعنی دلہن دیگ میں سے خود بریانی نکال رہی ہے اور دولہا ساتھ ہی کھڑا ہے۔ جب کہ دیگر تصویروں میں بڑی تعداد میں ضرورت مندوں کو دسترخوان پر بیٹھے دیکھا گیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *