آنکھوں کی سرجری بینائی چھیننے کا سبب بن گئی


0

ملتان کے نجی اسپتال میں ایک ہی دن میں آنکھوں کا آپریشن کروانے والے 16 افراد کی بینائی متاثر ہوگئی اور انہیں نظر آنا بند ہوگیا۔ 

یہ افسوس ناک واقعہ ملتان کے نواحی علاقے لاڑ میں ایک نجی ٹرسٹ کے اسپتال میں پیش آیا جہاں 20 مارچ کو 16 افراد کا آنکھوں کے موتیا کا آپریشن کیا گیا تھا, جس کے بعد وہ بینائی سے محروم ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق اس واقعے میں بینائی سے محروم ہونے والے ایک متاثرہ شخص رانا عبدالمالک نے بتایا کہ 20 مارچ کو اس سمیت 16 افراد نے انصاف صحت کارڈ کے توسط سے نجی اسپتال میں آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق سے آپریشن کروایا ، ان 16 افراد میں ان کے ساتھ 7 خواتین بھی شامل تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے چند گھنٹوں بعد جب ان کی آنکھوں پر سے پٹی ہٹی تو وہ دیکھنے سے قاصر تھے اور ان کے علاوہ وہاں موجود دیگر مریضوں کی آنکھوں میں بھی درد شروع ہوگیا، جس پر انتظامیہ نے ان مریضوں کو ایک رات اسپتال میں رکھ کر صبح فارغ کردیا جب کہ ان تمام مریضوں کی آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوچکی تھی۔ اب یہ تمام مریض ملتان اور لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

Image Source: Geo News

تاہم ، یہ آپریشن انجام دینے والے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کا کہنا ہے کہ آپریشن کرنے میں کوتاہی نہیں ہوئی بلکہ انفیکشن سے تمام افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ 19 سالوں سے مختلف اسپتالوں میں آپریشن کر رہے ہیں اور اب تک انہوں نے ہزاروں آپریشن کیے ہیں۔

اس واقعے پر ٹرسٹ اسپتال کے منیجر آپریشن محمد ممتاز کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کےآپریشن کے لئے آنکھوں کے لینز سمیت تمام اخراجات ٹرسٹ نے خود ادا کئے۔

multan
Image Source: Screengrab

اس واقعے پر ایک متاثرہ مریض کے بھائی محمد مصطفیٰ نے پولیس کارروائی کے لئے تھانہ بستی ملوک میں درخواست دی لیکن پولیس نے یہ کہہ کر اس کی درخواست مسترد کردی کہ وہ کارروائی نہیں کرسکتے، اس سلسلے میں ہیلتھ کیئر کمیشن سے رابطہ کریں۔

متاثرہ ہونیوالے غریب افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کیونکہ ان 16 افراد کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے اور ان کا علاج ایک ٹرسٹ کی جانب سے کروایا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات کرنے اور مریضوں کی آنکھوں کی غلط سرجری کرنے والوں کےخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن کو اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور اس واقعے کی واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ وزیر اعلیٰ آفس میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ علاوہ ازیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آپریشن کے بعد بینائی سے محروم ہونے والے افراد کے کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کی طرف سے غفلت برتنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ، کچھ سال پہلے کراچی کے ایک اسپتال میں پہلے مبینہ طور پر ایک بچی کو ہلاک کیا گیا اور پھر اس کے اہل خانہ سے محض پیسے بٹورنے کے لیے بچی کی لاش کو وینٹیلیٹر پر ڈال دیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *