
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ سے علیحدگی کے بعد تیسری شادی کرلی۔
عامر لیاقت کی تیسری شادی سے متعلق خبریں کافی دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں جن کی اب تصدیق ہوگئی ہے۔ انہوں نے اپنی تیسری شادی کا اعلان انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ شب میرا نکاح 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے ہوا ہے۔ ان کا تعلق لودھراں کے مہذب گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں اور بہت پیاری اور سادہ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میری اپنے تمام چاہنے والوں سے درخواست کی ہے کہ پلیز ہمارے لیے دعا کریں، میں ابھی ایک تاریک راہ سے گزرا ہوں جو میرے لیے ایک برا موڑ ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ نے ان سے رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے خلع لے لی ہے۔ خلع سے متعلق سیدہ طوبیٰ نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ میں بوجھل دل کے ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی سے آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں، میری فیملی اور قریبی دوست جانتے ہیں کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات واضح تھی کہ اب مفاہمت اور صلح کی کوئی امید نہیں بچی ، اس لیے مجھے خلع کیلئے عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ طوبیٰ کے مطابق میرے لیے لفظوں میں یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ عرصہ میرے لیے کتنا مشکل تھا لیکن میں اللہ اور اس کے فیصلوں پر یقین رکھتی ہوں۔
انہوں نے اپنے مداحوں، فالوورز اور میڈیا سے درخواست کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔
سیدہ طوبیٰ انور کی پوسٹ پر معروف شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے بھی اپنے تبصروں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین اور ان کی دوسری بیوی سیدہ طوبیٰ کے درمیان علیحدگی کی خبریں زیر گردش تھیں جس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ طوبیٰ اور عامر لیاقت ایک دوسرے کو اب انسٹاگرام پر بھی فالو نہیں کر رہے تھے اور طوبیٰ نے اپنے انسٹاگرام پر عامر لیاقت کے ہمراہ ادائیگی عمرہ کے دوران لے جانے والی تصاویر کے علاوہ باقی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھی حتیٰ کہ دونوں کی شادی کی تصویر بھی طوبیٰ کے اکاؤنٹ پرموجود نہیں تھیں۔
دوسری جانب ، عامر لیاقت ہر مرتبہ علیحدگی کی ان خبروں کی تردید کردیتے تھے۔ لیکن کچھ دنوں قبل ان کا ایک انٹرویو وائرل ہوا تھا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے دو شادیاں کیں ہیں دو اور کروں گا یا کم ازکم ایک اور تو ضرور کروں گا۔ شادیاں خان صاحب کی طرح تین ہی ہونی چاہیں، جیسے اس ملک کا کپتان، ویسے ہی اس کے کھلاڑی کو ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں شادی کے لئے جب لڑکی کا انتخاب کرتا ہوں تو اس کی عمر دیکھتا ہوں، میری موجودہ اہلیہ طوبیٰ محض 24 سال کی ہیں، جب تیسری بیوی لاؤں گا تو وہ کم از کم 20، 21 سال کی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا ملک کا کپتان ہے، ویسا ہی ان کا کھلاڑی ہونا چاہیے،اس لیے تیسری شادی کے بعد مطمئن ہوں گا۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے سیدہ طوبیٰ سے شادی کے بعد اپنی پہلی بیوی بشریٰ کو طلاق دیدی تھی جبکہ ان کی پہلی بیوی سے دو بچے ایک بیٹا اور بیٹی ہے۔
0 Comments