
پچھلے کچھ عرصے سے مشہور ومعروف اور مداحوں کی پسندیدہ جوڑی اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف کی علحیدگی کے حوالے سے کچھ خبریں سوشل میڈیا پر زیرگردش تھیں، تاہم اب جوڑے کی جانب سے باقاعدہ وضاحت کی گئی ہے، جس میں ان تمام خبروں کو بےبنیاد اور من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف نے ندا یاسر کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری، نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات زندگی پر بات چیت کی۔

اس دوران پروگرام میزبان ندا یاسر نے پوچھا کہ حال ہی میں پاکستان شوبز میں کئی شادیوں ہوئیں، مختلف تقریبات ہوئیں، البتہ آپ دونوں ایک ساتھ نظر نہیں آئے بلکہ کئی جگہوں پر الگ الگ نظر آئے، جس کی وجہ سے کچھ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ آپ دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے؟

جس پر جواب دیتے ہوئے آغا علی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام افواہوں کی تردید کی اور وضاحت دی کہ ’’مجھے اب ایسا لگتا ہے کہ لوگ آج کل ایسی خبروں کا انتظار کر رہے ہیں کہ شوبز کی کون سی جوڑی کب الگ ہوجائے گی اور یہ بات مجھے بہت پریشان کرتی ہے‘‘۔
اس موقع پر اداکار آغا علی نے مزید کہا اگر کوئی آپ کو ایک ساتھ نظر نہیں آرہا تو آپ دعا کریں کہ وہ ساتھ ہی ہوں، نہ کہ ان کی علحیدگی کا انتظار کرنا چاہیے، کیونکہ کسی کو کیا فرق پڑتا ہے کہ کوئی ساتھ ہے یا نہیں ہے۔

میزبان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے آغا علی نے مزید بتایا کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں دونوں کو تھوڑی سی مشکلات پیش آئیں تھیں، کیونکہ دونوں اداکار ہیں، شوٹنگ کی وجہ سے کبھی اہلیہ گھر دیر سے آتی ہیں تو کبھی وہ دیر سے گھر آتے ہیں، اس لیے بہت ساری چیزیں وقت پر پیش نہیں آتیں، یہی وجہ ہے کہ مصروفیات کی وجہ سے دونوں کبھی کبھار ایک ساتھ تقریبات میں شرکت نہیں کرپاتے ہیں۔
واضح رہے چند روز قبل آغا علی اور حنا الطاف چھٹیوں پر تھے اور مختلف ممالک کی سیر کر رہے تھے، اس دوران دونوں کو پیرس میں ایفل ٹاور کے ساتھ تصویر بنوانے کا موقع ملا تھا، اس بارے آغا علی مداحوں کو بتایا تھا کہ ہمارا پیرس جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن ایسا اتفاق ہوا کہ ہمیں یہ یادگار تصویر بنانے کا موقع مل گیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اس مقبول جوڑی کے شادی سے پہلے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہوئے تھے، دونوں نے جیو ٹی وی پر ایک ڈرامہ ’دلِ گمشدہ‘ بھی کیا تھا جس میں ان کی جوڑی کو بے حد پسند بھی کیا گیا تھا۔ تاہم اس جوڑی نے 2020 میں لاک ڈاؤن میں خاموشی سے نکاح کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ ان کا نکاح جمعتہ الوداع کے بابرکت دن سادگی سے ہوا تھا جب کہ اداکار جوڑی نے مداحوں کو شادی کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور فیس بک کے ذریعے دی تھی۔
علاوہ ازیں ، جیسا کہ آج کل سوشل میڈیا پر فنکاروں خصوصاً نوبیاہتا جوڑوں میں اپنی نجی زندگی کی تصویریں پوسٹ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے تاہم آغا علی اور حنا الطاف اس ٹرینڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیتے اور صرف اہم مواقع پر ہی اپنی تصویریں شیئر کرتے ہیں۔ آغا علی کا ماننا ہے کہ جن کے پاس کوئی کام نہیں وہ تصویریں لگا کر خوش ہوتے ہیں ، وہ اپنی ازدواجی زندگی سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے خواہشمند نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ پرسنل لائف کو پرسنل لائف اور پروفیشنل لائف کو پروفیشنل لائف کسی وجہ سے ہی کہا جاتا ہے۔
0 Comments