
اداکارہ حنا الطاف اور اداکارو ماڈل آغاعلی شادی کے بعد سے ایک ساتھ ٹی وی پر ’دی کپل شو‘ کی میزبانی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس پروگرام میں شوبز، اسپورٹس اور سیاست کی مقبول شادی شدہ جوڑیوں کو مدعو کیا جاتا ہے اور ان مہمان جوڑے میں سے کوئی ایک معروف شخصیت ہوتا ہے۔ اس شو کا فارمیٹ تھوڑا بہت امریکی لیٹ نائٹ شوز ‘دی لیٹ لیٹ شو’ اور ‘دی ٹونائٹ شو’ جیسا ہے، جس میں سیلیبریٹی مہمانوں کے ساتھ گیمز اور بات چیت کی جاتی ہے لہٰذا اپنے دلچسپ فارمیٹ کی وجہ سے یہ شو لوگوں میں کافی مقبول ہے۔
تاہم آج کل یہ جوڑا چھٹیوں پر ہے اور مختلف ممالک کی سیر کر رہا ہے اس دوران اس جوڑے کو اتفاقیہ طور پر پیرس میں ایفل ٹاور کے ساتھ تصویر بنوانے کا موقع مل گیا۔ جبکہ صارفین یہ سمجھ رہیں کہ یہ دونوں پیرس میں ہیں اور وہاں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ اس بارے آغا علی کہتے ہیں ہمارا پیرس جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن ایسا اتفاق ہوا کہ ہمیں یہ یادگار تصویر بنانے کا موقع مل گیا۔

سماجی رابطوں کی ویڈیوز اینڈ فوٹوزشیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے آغا علی نے اپنی اہلیہ حنا الطاف کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے عقب میں پیرس کا سب سے بلند ترین اور دنیا کا سب سے معروف سیاحتی مقام ‘ایفل ٹاور’ دیکھا جاسکتا ہے۔ مذکورہ تصویر کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ہم اپنے سفر پر تھے اور ہمارا اس دوران پیرس جانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا لیکن پیرس میں تین گھنٹے تک رکنے کے باعث ہمیں ایفل ٹاور دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنانے کا موقع ملا اور ہم نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا، انہوں نے مزید کہا کہ شاید یہ پورے سفر کی واحد اچھی تصویر ہے ۔
خیال رہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اس مقبول جوڑی کے شادی سے پہلے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہوئے تھے، دونوں نے جیو ٹی وی پر ایک ڈرامہ ’دلِ گمشدہ‘ بھی کیا تھا جس میں ان کی جوڑی کو بے حد پسند بھی کیا گیا تھا۔ تاہم اس جوڑی نے 2020 میں لاک ڈاؤن میں خاموشی سے نکاح کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ ان کا نکاح جمعتہ الوداع کے بابرکت دن سادگی سے ہوا تھا جب کہ اداکار جوڑی نے مداحوں کو شادی کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور فیس بک کے ذریعے دی تھی۔ شادی ہونے کے بعد لاک ڈاؤن کے دوران بھی یہ جوڑا اپنی نئی شادی شدہ زندگی پر مداحوں سے گاہے بگاہے اپنی ویڈیوز شیئر کرتے رہا تھا۔ حنا الطاف سے شادی سے قبل آغا علی کا اداکارہ سارہ خان کے ساتھ کپل سوشل میڈیا پر کافی مقبول رہا تھا۔

علاوہ ازیں ، جیسا کہ آج کل سوشل میڈیا پر فنکاروں خصوصاً نوبیاہتا جوڑوں میں اپنی نجی زندگی کی تصویریں پوسٹ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے تاہم آغا علی اور حنا الطاف اس ٹرینڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیتے اور صرف اہم مواقع پر ہی اپنی تصویریں شیئر کرتے ہیں۔ اس حوالے سے آغا علی کے ایک انٹرویو کا کلپ بھی کافی مشہور ہواتھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کوئی کام نہیں وہ تصویریں لگا کر خوش ہوتے ہیں ، وہ اپنی ازدواجی زندگی سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے خواہشمند نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ پرسنل لائف کو پرسنل لائف اور پروفیشنل لائف کو پروفیشنل لائف کسی وجہ سے ہی کہا جاتا ہے۔
آغا علی کی طرح ان کی اہلیہ حنا الطاف کی بھی اس بارے میں یہی رائے تھی اور انہوں نے بھی یہی کہا تھا جب ہم اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں تو کچھ لوگ بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں اسی وجہ سے انہوں نے اپنی زندگی کو پرائیوٹ رکھا ہوا ہے۔
0 Comments