عبداللہ قریشی نے اسلام کی خاطر موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کرلی


0

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار عبداللہ قریشی نے دین اسلام کی خاطر موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کرلی، اب وہ کسی میوزک کنسرٹ اور اشتہارات میں کام نہیں کریں گے۔

عبداللہ قریشی نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے طویل تحریری پوسٹ کی اور مداحوں کو گلوکاری چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کافی عرصے سے بہت سارے لوگ مجھے پیغامات بھیج رہے تھے یہ جاننے کے لئے کہ میں کیا کررہا ہوں ،میں نے میوزک انڈسٹری سے بریک لیا تھا، میں نے خود کو تلاش کرنے اور یہ سوچنے کے لیے وقفہ لیا کہ میں کون تھا ، کہاں سے آیا تھا اور کیا بننا چاہتا تھا۔ عبداللہ قریشی نے کہا کہ میں میوزک انڈسٹری چھوڑ رہا ہوں اور میں نے مذہبی وجوہات کے بنا پر موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

Image Source: File

گلوکار نے مزید کہا کہ میں نے اس انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزارا، جس میں موسیقی کی تخلیق، ہزاروں لوگوں کے سامنے کنسرٹ میں پرفارمنس ، محبت اور تعریفیں سمیٹنا ، تنازعات کا سامنا کرنا، غلط فیصلے کرنا، اچھے دوست بنانا، رول ماڈل کے ساتھ کام کرنا اور وہ سب کرنا جو مجھے پسند ہے شامل ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک زندگی کا اصل مقصد اس سے کہیں بڑھ کر ہے، اپنی اگلی زندگی سنوارنے کے لیے ہم سب کے پاس اس دنیا میں بہت کم وقت ہے۔ الحمداللّٰہ میں اپنے فیصلے سے مطمئن ہوں اور بہتری کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے سچ کھوج رہا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ نیا سفر اللّٰہ میرے لیے آسان کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب میں کسی کنسرٹ میں پرفارم نہیں کروں گا، نہ ہی کبھی کسی اشتہار میں کام کروں گا۔ براہ مہربانی اس سلسلے میں کوئی مجھ سے رابطہ نہ کرے۔

Image Source: Instagram

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پسندیدہ کام کرتے رہیں گے اور سوشل میڈیا پر منصوبے بھی کرتے رہیں گے جب کہ وہ ایسے پروگرامات کا بھی حصہ رہیں گے جن کی مذہب میں کوئی ممانعت نہیں ہے اور جو انہیں قابل قبول ہوں۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے اپنے سننے اور چاہنے والوں کی محبت اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا۔ عبداللہ قریشی سے پہلے ماضی میں جنید جمشید مرحوم، رابی پیرزادہ ، نور بخاری سمیت کئی اور فنکار بھی مذہب کی خاطر اپنے فنی سفر کو چھوڑ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ماڈل انعم ملک نے اسلام کی خاطر ماڈلنگ کو خیر آباد کردی

خیال رہے کہ عبداللہ قریشی نے چند سال قبل بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے اب تک متعدد سنگل گانے ریلیز کیے ہیں اور ان کا شمار ابھرتے ہوئے گلوکاروں میں ہوتا ہے۔انہوں نے گانوں کو پروڈیوس بھی کیا ہے جب کہ ان کے گانے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی شوق سے سنے جاتے رہے ہیں۔ کورونا وباء کے دوران لاک ڈاؤن میں بھی عبداللہ قریشی نے فرنٹ لائن ہیروز کو اپنے گانے کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا تھا جس کو مداحوں کیجانب سے کافی سراہا گیا تھا۔ علاوہ ازیں، عبداللہ قریشی کے ہاں مارچ 2021 میں بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی تھی اور گزشتہ برس ہی ان پر ایک خاتون نے جنسی ہراسانی اور بدتمیزی کے الزامات لگائے تھے، جس پر انہوں نے معافی بھی مانگی تھی۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *