کتے کی طرح بھونکو، شہری پر تشدد کرنیوالا ایس ایچ او نوکری سے معطل


0

لاہور میں پولیس تھانہ میں شہری پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے بادامی باغ میں پولیس کے ایک افسر کی جانب سے شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس افسر نہ صرف شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتاہے بلکہ اسے کتے کی آواز نکالنے پر مجبور بھی کرتا ہے۔ جبکہ یہ شہری تشدد سے لہولہان ہے اور مجبوراً جانور کی آواز نکالتا ہے تاکہ اس جان بخشی ہوسکے، اس دوران اس سے توہین آمیز سوالات بھی پوچھے جاتے ہیں۔

Image Source: Screengrab

بعدازاں پولیس افسر کی شہری کے ساتھ تذلیل کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

صارفین کے احتجاج پر پولیس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے، ایسا افسوس ناک واقعہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔پنجاب پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس افسوس ناک واقعے میں ملوث ایس ایچ او بادامی باغ آصف جبار کو نہ صرف معطل کردیا گیا بلکہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید ایکشن لیا جائے گا۔

دریں اثناء، پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ایس ایچ او کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، کوئی شخص کسی بھی قماش کا ہو، ہمارا دین اور قانون ہماری پولیس کو ایسا سلوک کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

گزشتہ برس کراچی میں بھی ایک شہری کو حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کرنے کے الزام میں تھانہ گلشن اقبال کے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کا فیصلہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز نے کیا اور ان تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کرواکے انہیں اسی تھانے کے حوالات میں بند کردیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ، کچھ عرصہ پہلے بھی لاہور میں پولیس اہلکار کیجانب سےبہن بھائی کے ساتھ ہتک آمیز رویہ سامنے آیا تھا جس میں بہن بھائی کو سڑک پر سر عام کان پکڑوا کر اٹھک بیٹھک کروائی گئی تھی۔ان بہن بھائی کو کان پکڑوا کرسزا دینے کی فوٹیج بھی سامنے آئی۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ ہم بہن بھائی فیکٹری ملازم ہیں اور گھر جارہے تھے۔الغرض، ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام کو اہلکاروں کو اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے سے روکنا چاہیئے تاکہ عوام مزید ذہنی اذیت کا شکار نہ ہو۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *