
سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے کسی خبر کا چھپنا ممکن نہیں، آزادی رائے کے تحت یہاں تعریف بھی ہوتی ہے اور تنقید بھی۔ اس سال بھی سوشل میڈیا پر کئی خبریں ٹاپ ٹرینڈ بنیں جو کئی ہفتوں تک زیر بحث بھی رہیں۔ اس حوالے سے شوبز انڈسٹری کی کون کون سی خبریں شہہ سرخیاں بنیں اور کون سی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنی خبروں سے تہلکہ مچایا چلیں جانتے ہیں۔
خلیل الرحمن اور ماروی سرمد

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر اور سماجی کارکن و صحافی ماروی سرمد کے مابین ہونے والی لفظی جنگ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ نجی ٹی وی کے شو کے دوران ماروی سرمد کے “میرا جسم میری مرضی“ کا نعرہ لگانے پر خلیل الرحمن قمر بھڑک اٹھے اور لائیو شو کے دوران تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
اس پروگرام کی کلپ کے بعد ٹوئٹر پر خلیل الرحمن قمر اور میرا جسم میری مرضی، عورت مارچ ٹرینڈز بنے رہے۔
مفتی عبدالقوی اور حریم شاہ

متنازع واقعات کی زد میں رہنے والے مفتی عبدالقوی کی متنازع ویڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ان کو سوشل میڈیا سیلبرٹی اور ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے ساتھ بے تکلفی برتتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ حریم شاہ اس ویڈیو کال کے دوران مسلسل ان پر ٹھرک جھاڑنے اور اسلام کا نام بدنام کرنے کا الزام عائد کرتی رہیں۔
شہروز اور صدف کی شادی

معروف اداکارہ و ماڈل صدف کنول اور اداکار شہروز سبزواری نے لاک ڈاؤن کے دوران اچانک سادگی سے نکاح کرکے اپنے تعلق کے حوالے سے تمام افواہوں کو سچ ثابت کردیا۔ شہروز سبزواری اور صدف کنول کے درمیان بڑھتی قربتوں کی وجہ سےان کی اہلیہ سائرہ یوسف نے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات بڑھے اور طلاق ہوگئی۔
نعمان اعجاز کا متنازعہ انٹرویو

سوشل میڈیا پر اداکار نعمان اعجاز کے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی جس میں وہ عفت عمر کے ساتھ شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری خواتین سے عشق کرنے کی باتیں کرتے دکھائی دیے تھے۔
نعمان اعجاز کی یہ کلپ سوشل میڈیا پر خوب شیئر ہوئی اور ٹوئٹر پر ‘می ٹو’ کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر آگیا اور کئی افراد نے نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اس تنقید پر اداکار کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاسر حسین کی ارطغرل کے اداکاروں پر تنقید

اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اداکاروں ارطغرل اور تورگت الپ کے پاکستانی ہم شکلوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا ’’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیوں کہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا ’کچرا‘ بھی مال برابر “۔

اس کیپشن میں یاسر حسین نے بالواسطہ طور پر ترک اداکاروں کو ’’کچرے‘‘ سے تشبیہ دی تھی۔ یاسر حسین کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر کڑی تنقید کی تھی۔
ٹھیکیدار کی بیٹی

اداکارہ وماڈل عظمیٰ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اپنی ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا کہ پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی بیٹیوں نے انھیں اور ان کی بہن کو گھر میں گھس کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ درحقیقت اس واقعے کے مرکزی کردار ملک ریاض کے داماد عثمان ملک تھے جن کے عظمیٰ خان سے تعلقات تھے اور وہ ان سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ لیکن پھر یکدم عظمیٰ خان نےایف آئی آر کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے مقدمہ واپس لے لیا۔ تاہم ٹھیکیدار کی بیٹی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا۔
ہانیہ نے عاصم کو فرینڈ زون کردیا

رواں برس اپریل میں گلوکارہ آئمہ بیگ سے انسٹاگرام لائیو چیٹ کے دوران ہانیہ عامر نے یہ اعتراف کیا کہ وہ اور گلوکار عاصم اظہر صرف بہترین دوست ہیں۔ اسکے بعد ہانیہ عامر نے عاصم اظہر کو “فرینڈزون” کردیا اور اس خبر نے جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اشتہار جو خبر بن گیا

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے صحافی انصار عباسی کی درخواست پر ’گالا بسکٹ‘ کے اشتہار میں دکھائے جانے والے مناظر پر ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو تنبیہہ جاری کر دی کہ اشتہارات میں فحش اور غیر اخلاقی مناظردکھانے سے گریز کریں۔بسکٹ کا یہ اشتہار قومی خبر بن گیا اورسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اداکارہ مہوش حیات، گالا بسکٹ اور میرے دیس کا ہر رنگ نرالہ ٹرینڈز لسٹ میں نمایاں ہوگئے۔
دانش کی برسی

مشہور ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” نے کافی پزیرائی حاصل کی اور شائقین نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کی تحریر کردہ کہانی اورمکالموں کو بے حد پسند کیا۔ اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے اہم کردار “دانش” (ہمایوں سعید) کی ڈرامے میں موت پر سوشل میڈیا صارفین نے اس کردار کی برسی پر بھی میمز بناڈالیں۔
رسوئی میں کون تھا؟
بھارتی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ “ساتھ نبھانا ساتھیا” کی اداکارہ کوکیلا بین کے مشہور ڈائیلاگ “رسوئی میں کون تھا“ کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان برپا ہوگیا۔ بھارتی ڈرامے سے مقبول ہونے والا یہ سوال سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ کی شکل اختیار کر گیا اور عام لوگوں کے علاوہ اداکار بھی مذاحیہ میمز بنا کر یہی سوال کرتے رہےکہ رسوئی میں کون تھا؟
0 Comments