
دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر کے ریٹائر ہونے کے بعد یہی خیال کیا جارہا تھا کہ ان کے ریکارڈ شاید کوئی توڑ نہ پائے لیکن بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے گزشتہ 11،10 سالوں میں جس طرح کارکردگی دکھائی تو امید یہی جارہی تھی کہ صرف کوہلی ہی ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔ پہلے بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے کے بعد اب ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اور اہم اعزاز چھین لیا ہے، اور اب وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں۔
ویرات کوہلی نے یہ اعزاز بھارت کا دورہ کرنے آئی سری لنکا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر حاصل کیا۔کوہلی بھارت میں ریکارڈ 21 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، ٹنڈولکر نے 20 سنچریاں بنائی تھیں۔واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ٹنڈولکر کے پاس ہیں جنہوں نے اپنےطویل کیریئر میں 49 سنچریاں اسکور کیں، اس فہرست میں کوہلی کا دوسرا نمبر ہے، ان کی سنچریوں کی تعداد 46 ہے۔کوہلی اب تک 12 ہزار 471 رنز اسکور کر چکے ہیں۔.

مزید برآں، گزشتہ برس دسمبر میں بنگلادیش اور بھارت کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ میں کوہلی اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کی 72 ویں سنچری بنائی جس کے ساتھ ہی انہوں نے رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اس سے قبل رکی پونٹنگ سب سے زیادہ سنچریز بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے بازتھے۔ جن کا ریکارڈ ویرات کوہلی نے چھین لیا۔

یہاں یہ بتاتے چلیں کہ ویرات کوہلی کے کیرئیر میں ایک سال ایسا بھی آیا ہے جس میں وہ کوئی سنچری نہیں بناسکے۔ یہ سال 2020 تھا جس میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوہلی نے مجموعی طور پر 9 میچز کھیلے اور ایک بھی سنچری نہ بنا سکے اور اس طرح انٹرنیشنل کیریئر کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب پورے سال میں وہ ایک بھی ون ڈے سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔
مزید پڑھیں: وسیم اکرم کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی،سچن نے اسٹار باؤلر کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ویرات کوہلی کے ہوٹل روم کی ویڈیو لیک ہوگئی جس کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہوں نے برہمی کا اظہار کیا۔اُس وقت بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں موجود تھی،جہاں سے ویرات کوہلی کے ہوٹل روم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی ، ویرات نے خود وہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شئیر کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ ویڈیو بہت خوفناک ہے اور اس کو دیکھنے کے بعد مجھے اپنی پرائیویسی کے بارے میں بہت بے چینی محسوس ہوئی، اگر میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں پرائیویسی نہیں رکھ سکتا، تو پھر میں کہاں اپنی پرسنل اسپیس کا سوچ سکتا ہوں؟انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مجھےاس قسم کی جنونیت اور ذاتی زندگی میں مداخلت پسند نہیں ہے، براہ کرم، لوگوں کی پرائیویسی کا احترام کریں اور انہیں تفریح کی چیز نہ سمجھیں۔کوہلی نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوش اور ان سے ملنےکے لیے پرجوش ہوتے ہیں اور میں اس چیز کو سمجھتا بھی ہوں۔
0 Comments