اپنی پچھلی زندگی پر ندامت ہے، صنم چوہدری


0

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ صنم چوہدری نے اس وقت میڈیا انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔ اب وہ مذہبی عقائد کے مطابق زندگی بسر کررہی ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی ہی زندگی کو بطور ایک مثال مداحوں سے شئیر کرتی ہیں کہ پہلے ان کی زندگی کیسی تھی اور شوبز چھوڑنے کے بعد ان کی زندگی کتنی تبدیل ہوگئی ہے۔

حال ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ماضی میں متعدد ایسے کام کیے جن کی اسلام میں اجازت نہیں، اپنی پچھلی زندگی پر ندامت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی اپنی گزشتہ زندگی پر نظر ڈالتی ہوں تو اپنی غلطیوں اور گناہوں پر پچھتاوا ہوتا ہے۔

Image Source: Instagram

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان ہونے کے باجود میرا طرز زندگی سیکولر تھا۔ اپنی غلطیوں اور گناہوں کے باجود خود پر اللہ تعالیٰ کا کرم اور مہربانیوں پر میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سوچ کر ندامت ہوتی ہے کہ اسلام میں حرام قرار دیے گئے کاموں پر مجھے برا محسوس نہیں ہوتا تھا۔

Image Source: Instagram

اس سے قبل بھی صنم اپنے ایک انٹرویو میں اس واقعے کے بارے میں بات کرچکی ہیں جس نے ان کی زندگی کو بالکل بدل دیا اور وہ روحانیت کی راہ پر چل پڑیں۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ چھوٹی تھیں تو ٹی وی دیکھ کر انہیں اداکارہ بننے کا شوق پیدا ہوا اور وہ کامیاب بھی ہوگئیں اور ایک معروف اداکارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں۔ انہوں نے سکون کو پیسوں اور شہرت میں ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن سکون انہیں کہیں نہیں ملا۔ ہر بار انہیں لگتا کہ ان کی دوڑ لمبی ہوتی جارہی ہے لیکن پھر انہیں احساس ہوا کہ سکون تو صرف اللہ کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں صنم چوہدری ڈرامہ سیریل آسمانوں پر لکھا ، شیزا ، میرے مہربان ، اور عشق ہماری گلیوں میں کے علاوہ بہت سی دیگر ڈرامہ سیریلز میں شاندار پرفارمنس دے چکی ہیں۔ تاہم، انہوں نے 2021ء میں اگست کے مہینے میں اپنی سالگرہ سے ایک دن قبل اپنا روحانی سفر شروع کرنےکے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں ان کے اہل خانہ نے خوشدلی سے ان کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے انہیں پھولوں اور کیک سے سرپرائز دیا تھا۔ ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میرے خاندان نے اللہ کی طرف رجوع کرنے پر اس طرح میرا استقبال کیا۔

اس اعلان کے بعد صنم چوہدری نے اپنے انسٹاگرام پروفائل سے شیئر کی گئی تمام تصاویر اور ویڈیوز بھی ہٹادیں تھیں اور اکاؤنٹ پر صرف اپنے نکاح کی تقریب کی چند تصاویر چھوڑی تھیں۔انہوں نے انسٹاگرام پر اپنا بائیو بھی تبدیل کرکے “ایک مسلمان ، ایک ماں اور اسلام سیکھنا” کردیا تھا۔بعدازاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں، صنم سے پہلے ماضی میں جنید جمشید، رابی پیرزادہ، نور بخاری سمیت کئی اور فنکار بھی مذہب کی خاطر اپنے فنی سفر کو خیرآباد کہہ چکے ہیں۔جبکہ اس سال اکتوبر میں پاکستانی میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار عبداللہ قریشی نے بھی دین اسلام کی خاطر موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کی، انہوں نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے طویل تحریری پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو گلوکاری چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *