
کچھ لوگ کالے اور سخت دکھنے والے پھل ‘سنگھاڑے’ کی اہمیت سے واقف نہیں لیکن اس سخت اور نوکدار خول کے اندر چھپے سفید پھل میں بے شمار افادیت ہوتی ہے۔یہ پانی میں کیچڑ کے نیچے اگنے والا مخروطی شکل کا پھل ہے جس کو اردو میں سنگھاڑا اور انگریزی میں واٹر چیسٹ نٹ کہتے ہیں۔اس میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، وٹامن بی، پوٹاشیم اور کوپر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جبکہ اس کا ذائقہ بالکل منفرد ہوتا ہے۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اُبلے ہوئے سنگھاڑے کھانے سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے، تھکاوٹ دور اور جسم میں خون کی ترسیل بہتر ہوتی ہے۔
سنگھاڑے کے گودے سے بنایا ہوا سفوف کھانسی سے نجات دلاتا ہے اور قبض کی شکایت دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جب کہ ساتھ ہی معدے اور آنتوں کے زخم کے لیے بھی مقوی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سنگھاڑے کے استعمال سے یادداشت تیز رہتی ہے اور دماغی قوت برقرار رہتی ہے۔ تاہم متعدد طبی فوائد کی حامل اس سبزی کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے اور کھاتے ہیں تو آئیے سنگھاڑے کھانے کے فوائد جانتے ہیں؛

وزن کم کرے

سنگھاڑے وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لئے بے حد مفید ہوتے ہیں کیونکہ یہ وٹامن ، معدنیات اور کاربوہائيڈریٹ سے بھر پور غذا ہے مگر اس کے اندر بہت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں سو گرام سنگھاڑا میں صرف 97 کیلوریز ہوتی ہیں۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرے

اس کے اندر پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اس لیے اس کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہوتا ہے یہ بڑھے ہوئے بلڈ پریشر کو نہ صرف کم کرتا ہے بلکہ بلڈ پریشر کو بڑھنے سے بھی روکتا ہے۔
مختلف انفیکشن سے محفوظ رکھے

سنگھاڑے میں بڑی مقدار میں پولی فینول اور فلیونائيڈ موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم کو مختلف وائرس، بیکٹریا اور فنجائی سے لڑنے میں مدد دیتا ہے اور بیماریوں سے لڑنے کی طاقت فراہم کرتا ہے۔
پرُسکون نیند کا باعث

سنگھاڑے میں وٹامن بی 6 کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ انسان کے موڈ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ڈپریشن اور دماغی دباؤ کا خاتمہ کر کے موڈ کو خوشگوار بناتا ہے۔
مزید برآں، سنگھاڑے کا جوس بھی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے،متلی کی شکایت ہو تو اس کا جوس پینے سے متلی ختم ہوجاتی ہے۔اگر کوئی فرد کھانسی کی وجہ سے پریشان رہتا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ سنگھاڑے کو پیس کر اس کا سفوف بنالے اور دن میں دو بار پانی سے کھالے۔اس کی کھانسی دور ہوجائےگی، یہ کھانسی سے نجات حاصل کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔نیز اس کا سفوف اگر دانتوں پر استعمال کیا جائے تو دانت چمکدار اور مسوڑھے صحت مند ہوتے ہیں۔
0 Comments