
ناشتے میں اکثر افراد انڈہ کھانا پسند کرتے ہیں بلکہ اسے اپنی پسند اور ذائقہ کے مطابق مختلف طریقوں سے پکا کر کھاتے ہیں، جیسے کسی کو ہاف فرائی انڈہ کھانا اچھا لگتا ہےتو کسی کو فل فرائی۔کوئی اُبلا ہوا انڈا پسند کرتا ہے تو کوئی انڈے کا آملیٹ بناکر کھاتا ہے۔ آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ ناشتے میں انڈے کھانے کی عادت صحت بالخصوص موٹاپے سے بچانے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔دراصل انڈہ ایک ایسی غذا ہے جو انسانی جسم کو اہم اور مختلف وٹامنز کیساتھ دیگر اجزاءفراہم کرتی ہے اور جسمانی توانائی دیر تک برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے اسی لئے اس کو انسانی صحت کے لیے سپرفوڈ کا درجہ دیا گیا ہے۔
لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ ایک فرد روزانہ کتنے انڈے کھاسکتا ہے؟امریکا کے معروف کلیو لینڈ کلینک نے اس سوال کا جواب دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے بلڈ کولیسٹرول پر غذا 30 سال یا اس سے کم عمر افراد کے مقابلے میں کم اثرانداز ہوتی ہے۔معمر افراد کے لیے انڈے پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں خاص طورپر اگر بلڈ کولیسٹرول لیول صحت مند سطح پر ہو۔

انڈے صحت کیلئے کتنے مفید ہوتے ہیں؟

پروٹین سے بھرپور ہونے کے باعث انڈے جسم کو تقویت بخشتے ہیں۔ایک انڈے میں 6 گرام پروٹین موجود ہوتا ہے جبکہ وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن بی 12، وٹامن بی 9 (فولیٹ) اور لیوٹین جیسے اجزاء جسم کا حصہ بنتے ہیں۔ماہرین کے مطابق انڈوں کا استعمال معیاری پروٹین اور مختلف اجزا کے حصول کا سستا اور اچھا ذریعہ ہے۔
جسم کے متعدد افعال کے لیے یہ وٹامنز اہم کردار ادا کرتے ہیں، جیسے وٹامن اے آنکھوں اور بینائی کی صحت کے لیے اہم ہے، جبکہ میٹابولزم اور خلیات کے لیے بھی اس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وٹامن ای ایک اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرکے خلیات کو تکسیدی تناؤ سے بچاتا ہے جس سے مختلف دائمی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔وٹامن بی 9 یا فولیٹ خون کی کمی سے بچاتا ہے کیونکہ اس سے خون کے نئے سرخ خلیات بنتے ہیں۔لیوٹین سے عمر بڑھنے کے ساتھ مسلز میں آنے والی تنزلی کا امکان کم ہوتا ہے۔
انڈوں کی سفیدی اور زردی دونوں کی مختلف خصوصیات ہیں۔

سفیدی میں ایک انڈے میں موجود پروٹین کا 60 فیصد حصہ ہوتا ہے جبکہ زردی میں چکنائی اور کولیسٹرول موجود ہوتا ہے، مگر اس میں موجود فیٹی ایسڈز ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں، جس سے یادداشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دل کی شریانوں کو تحفظ ملتا ہے۔ مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق انڈے کھانے سے مسلز کے حجم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، مگر اس حوالے سے زیادہ تفصیلی تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔
کیا روزانہ انڈے کھانا ٹھیک ہے؟

انڈوں کے متعدد فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ ایک انڈہ کھانا صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔اگر آپ کو دل کی شریانوں کے امراض کا سامنا نہیں اور بلڈ کولیسٹرول لیول صحت مند سطح پر ہے تو روزانہ ایک انڈہ کھایا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹھنڈی ٹھنڈی آئسکریم سے وزن گھٹائیں
البتہ روزانہ ایک سے زیادہ انڈوں کی زردی کھانے سے خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اگر بلڈ کولیسٹرول یا امراض قلب سے متاثر ہیں تو ہر ہفتے 3 سے 4 انڈے کھانا بہتر ہے۔اگرچہ غذا ہی بلڈ کولیسٹرول کی واحد وجہ نہیں ہوتی مگر پھر بھی احتیاط میں کوئی برائی نہیں۔اگر امراض قلب یا بلڈ کولیسٹرول کے مریض ہیں تو دیسی انڈوں کے استعمال پر غور کریں کیونکہ ان کی زردی میں غذائی کولیسٹرول کی مقدار کم جبکہ لیوٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: دماغ کو تیز بنانے میں کونسی غذائیں مفید ہوتی ہیں؟
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ایسے ایک انڈے کو کھانے سے جسم میں لیوٹین کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح نہیں بڑھتی۔ ماہرین کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے بلڈ کولیسٹرول پر غذا 30 سال یا اس سے کم عمر افراد کے مقابلے میں کم اثرانداز ہوتی ہے۔ معمر افراد کے لیے انڈے پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں خاص طورپر اگر بلڈ کولیسٹرول لیول صحت مند سطح پر ہو۔
0 Comments