
پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوٹو گرافر کو ان کے سابق شوہر نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور خودکشی کرلی۔29 سالہ پاکستانی نژاد فوٹوگرافر ثانیہ خان نے چند روز قبل اپنی طلاق سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، جس کے بعد ثانیہ کو ان کی شکاگو میں رہائش گاہ میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہفتے کے اوائل میں اپنی بیوی ثانیہ خان سے الگ رہنے والا ان کا 36 سالہ شوہر راحیل احمد شکاگو کے مضافاتی علاقے میں ان کے گھر پہنچا، انہیں گولی مار کر قتل کیا اور پھر خود کو ہلاک کرلیا۔

اس سلسلے میں شکاگو پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ثانیہ خان کے سابق شوہر نے ان پر پیر کے روز ان کے اپارٹمنٹ میں فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق ان کے سابق شوہر راحیل احمد بیڈروم میں بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہوئے تھے اور ان کے سر میں زخم کا نشان تھا۔راحیل احمد کو زخمی حالت میں نارتھ ویسٹرن اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیدیا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا طلاق کی کارروائی سے گزر رہا تھا اور ثانیہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کے بارے میں خرابیوں پر افسوس کا اظہار کیا جن کا انہیں ایک طلاق یافتہ خاتون کے طور پر سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر انہوں نے شیئر کیا تھا کہ “ایک جنوبی ایشیائی خاتون کے طور پر طلاق سے گزرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ زندگی میں ناکام ہوگئے ہیں، آپ کو ملنے والی جذباتی حمایت کی کمی اور کسی کے ساتھ رہنے کا دباؤ کیونکہ ‘لوگ کیا کہیں گے’ والے الفاظ کا سامنہ کرنا پڑتا ہے۔
ثانیہ خان نے اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ “جس سے آپ کبھی پیار کرتے تھے اس سے دور جانا تکلیف دہ ہوتا ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے کسی ایسے شخص سے محبت کرنا جو آپ کے دل سے لاپرواہ ہو۔”

دوسری جانب ، جیسے ہی ثانیہ خان کے قتل کی خبر وائرل ہوئی، لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کے قتل کی مذمت کی۔صارفین کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات نے بھی ان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔ عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر شیئر کیا کہ “طلاق شدہ بیٹی مردہ بیٹی سے بہتر ہے، ٹھیک ہے یا نہیں؟ ان لڑکیوں کے والدین کو قبول نہیں کرنا جو طلاق چاہتی ہیں یا لے لیتی ہیں ، اپنے آپ سے یہ سوال پوچھیں۔”۔

جبکہ معروف سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اس افسوسناک واقعے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ “اپنی بیٹیوں کو بچائیں،انہیں گھر آنے دیں اور جینے دیں”، ان کی ٹوئٹ کو اداکارہ درفشاں نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا۔

خیال رہے کہ ثانیہ خان نے نفسیات اور خواتین کے مطالعہ میں دوہری ڈگری حاصل کی ہوئی تھی اور اس نے اپنے فوٹوگرافی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
گزشتہ دونوں شہر قائد میں بھی ایک سفاک شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو دیگ میں ڈال کرجلایا دیا تھا۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 4 میں پیش آیا جہاں اسکول کے کچن سے خاتون کی جھلسی ہوئی لاش ایک دیگ سے برآمد ہوئی تھی۔
0 Comments