
میاں بیوی کی محبتوں کے تو قصے آپ نے بہت سنے ہونگے، لیکن جنگ سے تباہ حال ملک یمن سے انتہائی حیران کردینے والی خبر سامنے آئی ہے، جس میں ایک خاتون نے اپنے سابق شوہر کو ہی اغوا کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر گردش کرنے والا ایک مبینہ پولیس بیان جس میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص، جس کی شناخت مبارک سلطان کے نام سے ہوئی ہے، اسے طغرد غالب نامی ایک خاتون نے 7 فروری کو یمن کی جنوب کے علاقے گورنری تعز سے اغوا کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ طغرد غالب نامی خاتون نے اپنے سابقہ شوہر کو اغوا کرکے رسی سے باندھ دیا اور لاٹھی سے خوب تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں سسرالیوں سے تاوان کی رقم وصول کرکے شوہر کو نیم مردہ حالت میں رہا کردیا۔
مبارک سلطان نامی شخص کی گمشدگی کی خبر پر ٹیز کرمنل سرچ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی جانب سے ایک مقامی پولیس اسٹیشن کے سربراہ کو اس شخص کی رہائی اور مجرموں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ جس کے نتیجے میں پولیس نے شوہر کے اغوا برائے تاوان کے جرم میں پہلی بیوی کو حراست میں لے لیا۔
دوران تفتیش طغرد غالب نے موقف اپنایا کہ مذکورہ شخص نے سچی محبت کے باوجود دوسری شادی کی اور اسے دھوکا دیا، جس پر ردعمل کے طور پر اس نے یہ سب کیا۔

اس موقع پر خاتون سابقہ شوہر پر اغوا اور تشدد کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جب شوہر کے جسم سے خون بہتا دیکھتی تو اسے بہت خوشی ہوتی، اس نے اپنی پوری بھڑاس نکالی ہے اور سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیں تاکہ لوگ عبرت حاصل کریں۔
پہلی بیوی کا مزید کہنا تھا کہ شوہر نے بھی میری تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور نجی باتیں عام کیں ، اس لیے میں نے اس کی تشدد زدہ تصاویر شیئر کیں اور اس کے گھر والوں سے تاوان بھی وصول کیا۔
اس سلسلے میں مزید رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مبارک سلطان کو سابقہ بیوی کے بھائیوں کی مدد سے اس وقت اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا، جب وہ ایک سڑک پر چلتے ہوئے جا رہے تھے۔
مبارک سلطان کا کہنا تھا کہ اس کے خاندان نے مقامی ثالثوں کے ذریعے اس کی رہائی کو یقینی بنانے کی کئی کوششیں کی تھیں لیکن کوششیں ناکام ثابت ہوئیں تھیں۔
ہمارے معاشرے میں اس طرز کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے، اس طرح کے واقعات بہت عام ہیں جب یہ بات آتی ہے کہ سابق شریک حیات کسی نئے کے ساتھ نیا رشتہ شروع کر رہا ہوتا ہے۔
واضح رہے درہای شادی کا ارادہ رکھنے سے قبل پہلی بیویوں کا اعتماد میں لینا، بلاشبہ ایک کٹھن مرحلہ ہے، کچھ عرصہ قبل متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی سے دوسری شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، تو بیوی طیش میں آگئی اور اس نے شوہر کی دائیں ہاتھ کی انگلیاں توڑ دیں، بعدازاں میاں بیوی کو عدالت نے مار پیٹ کے جرم میں 6 ماہ کی سزا اور ملک بدری کا حکم دی دیا تھا۔
اس کے برعکس تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹیٹو آرٹسٹ کی خبر بھی سامنے آئی تھی، جہاں وہ ایک ہی گھر میں اپنی آٹھ بیویوں کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہا ہے، یہی نہیں تمام بیویاں اپنے اخراجات بھی خود سے آٹھاتی ہیں۔
0 Comments