
سوشل میڈیا پر بھارتی تاجر اور ان کی اہلیہ نے فیس بک پر لائیو آکر اقدام خودکشی کی کوشش کی ۔بھارت کے شہر بروت میں شادی شدہ جوڑے نے فیس بک پر لائیو آکر خودکشی کی جس میں بیوی ہلاک ہوگئی جب کہ شوہر کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد کاروبار میں ہونے والے بھاری نقصان نے اس جوڑے کو انتہائی اقدام پر مجبور کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جوتوں کا کاروبار کرنے والے راجیو تومڑ کو اہلیہ کے ہمراہ زہر کھاتے دیکھا گیا۔ خودکشی کے خوفناک مناظر لائیو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر راجیو اور ان کی اہلیہ کو اسپتال پہنچایا جس دوران بیوی انتقال کرگئی جب کہ شوہر کی حالت تشویش ناک ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں تاجر کو آن لائن آکر زہر کھاتے دیکھا گیا جس کے بعد اس شخص کی اہلیہ نے شوہر کے منہ میں انگلی ڈال کر زہر نکالنے کی کوشش کی تاہم اس دوران اس شخص کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ان کی موت کے ذمہ دار مودی ہیں۔ راجیو کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں یہ نہیں کہتا مودی نے سارے کام خراب کیے لیکن مودی کا چھوٹے تاجروں اور کاروباری افراد کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں ہے۔

اکثر اوقات ذہنی دباؤ، دل ٹوٹنے ،مایوسی اور دیگر مسائل سے دل برداشتہ ہوکر لوگ اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لے لیتے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں خودکشی کا تناسب تیزی سے بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان کے شہر پشاور کے علاقے تہکال میں، مشہور پاکستانی ٹِک ٹاک اسٹار شہزاد احمد نے لڑکی کی جانب سے شادی کی پیش کش مسترد ہوجانے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاکر شہزاد احمد کے بھائی سجاد نے پولیس کو اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کروائی۔
بعدازاں سجاد نے اطلاع دی کہ دوسرے کمرے میں شہزاد نے خود کو چھت کے پنکھے کے ساتھ لٹکالیا۔سجاد اپنے بھائی کو اسپتال لے کر پہنچا تاہم وہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔شہزاد احمد صرف 20 سال کے تھے اور ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ایپلی کیشن ٹِک ٹاک پر ان کے 3 ملین فالوورز تھے۔
مزید پڑھیں: لائیو سیشن کے دوران چینی انفلوئنسر نے خودکشی کرلی
علاوہ ازیں ، اس سے قبل دظریہ کائنٹ نوائسز المعروف ڈی کے نام سے جانی جانے والی معروف امریکی ٹک ٹاک اسٹار نے انسٹاگرام پر اپنی آخری ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی ۔میل آن لائن کے مطابق 18 سالہ ڈیزاریا نے خودکشی سے کچھ دیر پہلے ٹک ٹاک پر بھی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ایک گانے پر رقص کر رہی ہوتی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ بظاہر خوش نظر آ رہی ہوتی ہے۔
0 Comments