
مشہور ومعروف پاکستانی اداکارہ میرا یوں تو کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، ان کا شمار پاکستان کی سینئر اور صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ پچھلی تین دہائیوں سے وہ پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ جہاں ان کی وجہ شہرت اداکاری ہے وہیں میڈیا میں چونکا دینے اور حیران کردینے والے بیانات ہمیشہ سے انہیں خبروں میں رکھتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی اس بار بھی دیکھا گیا ہے، جس میں اداکارہ نے خواتین کو عزت دینے کے حوالے سے ایک عجیب و غریب بیان دیا، جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے کچھ عرصے سے ملک میں خواتین اور بچوں کے ساتھ عصمت دری اور ہراسگی کے واقعات میں ایک واضح اضافہ دیکھا گیا ہے، حال ہی میں یوم آزادی کے روز لاہور میں مینار پاکستان اور رکشہ میں سوار خواتین کے ساتھ ہراسانی کے واقعات نے پوری قوم کو جھنجوڑ کے رکھ دیا ہے۔ اس واقعے پر ملک کا ہر شہری ناصرف مذمت کرتا دکھائی دیتا ہے بلکہ ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کررہا ہے، تاہم اداکارہ میرا کی جانب سے اس معاملے ایک چونکا دینے والا بیان جاری ہے، جس نے سب کو حیران کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ میرا کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ خواتین کو عزت دینے کے معاملے پر مردوں سے مطالبہ کرتی دیکھی گئی ہیں۔ اداکارہ میرا جی کہتی ہیں کہ لڑکیوں کی عزت کیا کریں، احترام، تہذیب، اخلاق، لڑکیوں کو اتنی عزت دیں کہ وہ ایک دن خود ہی آپ کو چھیڑنے پر مجبور ہوجائیں۔
واضح رہے یہ اس وقت کا ایک انتہائی حساس اور پریشان کن مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے، لوگ اس معاملے کو لیکر بےحد فکر مند دیکھائی دیتے ہیں۔ تاہم ایسے موقع پر اداکارہ میرا کی جانب سے اس طرح کے پیغام کو غیر ذمہ داراری کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ عوام کا ماننا ہے کہ یہ ایک بڑا مسئلہ ہے، اسے مذاق میں نہیں لینا چاہئے۔

واضح رہے اداکارہ میرا جی اپنے انوکھے بیانات کے حوالے سے کافی مشہور ہیں، کچھ عرصہ قبل ٹوکیو اولمپکس کے ہیرو اور فخر پاکستان ارشد ندیم کو اداکارہ میرا نے انکی شاندار پرفارمنس پر جہاں انہیں مبارکباد پیش کی وہیں انہوں نے قومی ایتھلیٹ کو کرکٹر قرار دیا تھا۔
یاد رہے اداکارہ میرا جی تنازعات اور منفرد خبروں کی باعث عموماً میڈیا کی سرخیوں میں رہتی ہیں، ان کے حوالے سے مشہور ہے کہ ایک تنازعہ ختم نہیں ہوتا، کہ وہ دوسرے سے منسلک ہو جاتی ہیں۔ چند ماہ قبل امریکہ سے اداکارہ میرا کے حوالے سے ایک اور خبر سامنے آئی تھی، جس نے ان کے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا، افواہیں زیر گردش تھیں کہ اداکارہ میرا امریکہ میں ایک ڈاکٹر کی جانب سے ذہنی طور پر نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد انہیں علاج کے لئے امریکہ کے ایک اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔
0 Comments