خلیل الرحمن قمر خاتون سماجی کارکن پر برس پڑے


0

مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر خواتین کے متعلق اپنے الفاظ کے چناؤ کی وجہ سے ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہیں اس بار ان کے نازیبا روئیے کا سامنا ایک خاتون سماجی کارکن کو کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو “بولتا لاہور “ میں وکیل و سماجی کارکن ناہید بیگ اور ایلیا زہرہ کے ہمراہ خلیل الرحمن قمر بھی مدعو تھے۔ اس ٹاک شو کا موضوع شادی اور پاکستان میں طلاق کی شرح میں اضافے کے حوالے سے تھا۔

اس ٹاک شو میں دنیاوی و دینی اعتبار سے شادی ،جہیز اور طلاق سے جڑے مختلف حقائق پر بات کی گئی جس پر تینوں پینلسٹ نے اپنی اپنی معلومات کے مطابق خیالات کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران دین اسلام میں مردوں کی چار شادیوں کا موضوع بھی زیر بحث آیا جس پر سماجی کارکن ایلیا زہرہ نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا لیکن جب خلیل الرحمن قمر کی باری آئی تو وہ اس بات کا جواب دیتے ہوئے غصے میں آگئے اور اپنا موقف بیان کرتے کرتے ایلیا زہرہ پر چیخنا چلانا شروع ہوگئے۔ اس بدتمیزی پر ایلیا زہرہ نے انہیں تمیز سے پیش آنے کا کہا، جب کہ ٹاک شو کے میزبان دونوں مہمانوں کو چپ کروانے کی کوشش کرتے رہے لیکن خلیل الرحمن قمر طیش میں اپنا مائیک پھینک کر پروگرام کے بیچ میں سے سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔

اطلاعات کے مطابق، آف ایئر جب سیٹ پر موجود ٹیم نے خلیل الرحمن قمر کا غصہ ٹھنڈا کرنے اور انہیں واپس شو میں آنے پر راضی کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے خواتین پینلسٹ کے خلاف سخت لہجہ اپنایا اور نازیبا باتیں کہیں بلکہ خاتون صحافی کو تو”را کا ایجنٹ” بھی کہہ ڈالا۔ انہوں نے پروڈیوسر سے یہ بھی کہا کہ ان کا ری ایکشن جائز ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب وہ اسٹوڈیو میں آئے تو ایلیا زہرہ نے ان سے ملاقات نہیں کی، اس کے بعد وہ شدید غصے کی حالت میں اسٹوڈیو سے چلے گئے۔

دوسری جانب صحافی ایلیا زہرہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس پروگرام میں خلیل الرحمن قمر کی جانب سے نازیبا روئیے پر ٹوئٹ کیا اور اس پروگرام کی کلپ بھی شیئر کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال خواتین کے حقوق کے نام پر ہونے والے عورت مارچ پر بحث و مباحثہ کے حوالے سے نجی ٹی وی پر ہونے والے شو میں معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر اور انسانی حقوق کی کارکن ماروی سرمد ایک دوسرے سے الجھ پڑے تھے۔ شو کے اس حصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی اور اس حوالے سے ٹوئٹر پر مختلف ٹرینڈز بھی چلے۔

یاد رہے کہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی جانب سے نجی ٹی وی شو میں نازیبا گفتگو پر سیاسی رہنماؤں، شوبز شخصیات، صحافیوں اور ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی اور خلیل الرحمان قمر سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *