
اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقراء عزیز کی شادی میں بن بلائے شرکت کرنے کے معاملے کو لیکر نوشین شاہ اور یاسر حسین کے درمیان ایک بار پھر تنازع شدت اختیار کر گیا۔ یاسر حسین نے نوشین شاہ کو تنبیہ کر دی ہے کہ اگر اداکارہ نے دوبارہ شادی کے معاملے پر گفتگو کی، تو وہ ان کے خلاف ثبوت سامنے لے آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نوشین شاہ کے انٹرویو نشر ہونے کے بعد اب یاسر حسین نے نوشین شاہ کو تنبیہ کردی ہے کہ اب اگر انہوں نے مذکورہ معاملے پر بات کی تو وہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ثبوت سامنے لے آئیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری کردہ بیان میں یاسر حسین نے شئیر کردہ اسٹوریز میں انٹرویو کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے نوشین شاہ کو خبردار کیا اور پھر سے دعویٰ کیا کہ 2019 میں ان کی شادی پر اداکارہ نے زبردستی خود کو دعوت دینے کا کہا۔

یاسر حسین نے مزید لکھا کہ ان کی شادی کو دو سال ہوچکے مگر خاتون ابھی تک اسی معاملے پر لٹکی ہوئی ہیں، 2019 میں بھی انہوں نے زبردستی دعوت حاصل کرکے شادی میں شرکت کی اور مہمانوں سمیت ان کے اہل خانہ کو بھی تنگ کیا اور آج دو سال بعد بھی اسی چیز کو ’کیش‘ کر رہی ہیں؟ ساتھ ہی اداکار یاسر حسین نے نوشین شاہ سے سوال کیا کہ ’بہن آپ کیا چاہتی ہیں؟‘

یہ معاملا اس وقت شروع ہوا، جب کچھ عرصہ قبل اداکار یاسر حسین نے ٹی وی شو “گھبرانہ منع ہے” میں شرکت کی تھی، جہاں شو کے میزبان واسع چوہدری نے اُن سے دلچسپ سوالات کیے، ان میں سے ایک سوال اُن کی شادی میں شرکت کرنے والے بن بلائے مہمانوں سے متعلق بھی تھا۔ یاسر حسین نے کہا کہ مہمانوں کی فہرست 170 افراد پر مشتمل تھی لیکن 200 سے زائد مہمان آگئے، جس کی وجہ ان کی شادی کا دعوت نامہ تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔ کچھ مہمان ایسے بھی تھے جوکہ دعوت نامے کے بغیر زبردستی آئے تھے ،جن میں سے ایک “نوشین شاہ” تھیں۔
اس موقع پر یاسر حسین نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ ہماری شادی میں ہم سے زیادہ نوشین شاہ کی تصاویر بنی ہیں۔ پھر موضوع بدلتے ہوئے کہ انہوں نے کہا کہ نوشین بہترین فنکارہ ہیں اور اچھا کام کرتی ہیں، ذاتی طور پر میں اُن کے اسٹائل سے بہت متاثر ہوں۔

اس شو کے کلپ کے وائرل ہونے پر ابتداء میں تو اداکارہ نوشین شاہ کی جانب سے پہلے کوئی واضح جواب دینے کے بجائے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر کیپشن درج کیا گیا تھا۔ جس میں لکھا تھا کہ جب آپ ایک سلطنت کی تعمیر میں مصروف ہوں تو آپ کسی کی احمقانہ باتوں پر توجہ نہیں دیتے، میں توجہ ہٹانے میں بے حد مصروف ہوں۔
بعدازاں، ایک انٹرویو میں اداکارہ نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ کیا کوئی کسی کے گھر بن بلائے جاسکتا ہے؟ میں کسی کے گھر بھی نہیں جاتی، اگر مجھے نہ بلایا جائے تو شادی میں کیسے جاتی؟ بے وقوف کو اپنی تقریر سے اور دانش مند کو اپنی خاموشی سے پہچانا جاتا ہے، یاسر نے مجھے خود فون کیا اور شادی پر مدعو کیا۔ نوشین شاہ نے کہا کہ وہ یاسر کی بات سے مایوس ہوئی ہیں اور توقع کرتی ہیں کہ وہ ان سے معافی مانگیں گے۔

البتہ یاسر حسین نے نوشین شاہ کے حوالے موقف اپنایا تھا کہ وہ اپنی بات پر قائم ہیں ،ان کے پاس نوشین شاہ کے وائس میسیجز ہیں جس میں انہوں نے زبردستی یاسر حسین کو شادی میں بلانے کا کہا اور ایک بار نہیں کئی بار کہا جس پر تنگ آکر یاسر حسین کو انہیں بلانا ہی پڑا لیکن وہ شادی میں آکر بھی سب کو تنگ ہی کرتی رہیں۔
اس سلسلے میں حال ہی میں اداکارہ نوشین شاہ نے مشہور ویب شو ٹو بی ہانیسٹ میں شرکت کی، جہاں اس تنازعے سے متعلق سوال پر انہوں طنزیہ جواب میں کہا کہ وہ دعوت نامے کے بغیر مشہور شخصیات کی شادیوں میں جاتی ہیں ، وہ شادیاں کریش کرتی ہیں اور انہیں یہ پسند ہے۔” مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ہمیں اسے چھوڑ دینا چاہیے اور ہمیں اس کو بہت زیادہ مائلیج نہیں دینا چاہیے۔ عوام نے پہلے ہی ان پر بہت تنقید کی ہے۔ “میں نہیں جانتی لیکن مجھے دکھ ہوتا ہے ، میں واقعی اس کے بارے میں دکھ محسوس کرتی ہوں اور ایسی چیزیں آپ کی فطرت کو ظاہر کرتی ہیں۔
0 Comments