
سوشل میڈیا پر چند روز سے کامیڈی کنگ ،مایہ ناز اسٹیج اداکار و میزبان 65 سالہ عمر شریف کی وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس سے یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ عمر شریف کی طبیعت کافی حد تک ناساز ہے جس کے باعث وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔ تاہم وائرل ہونے والی عمر شریف کی ان تصاویر پر اہل خانہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار خیریت سے ہیں اور گھر میں ہیں۔
واضح رہے کہ وائرل تصویر میں عمر شریف وہیل چیئر پر بیٹھے نظر آرہے ہیں، ان کی آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکے موجود ہیں، جب کہ ان کی داڑھی بھی کافی بڑھی ہوئی ہے۔ مذکورہ تصویر کو عمر شریف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی تھی۔ اداکار کو بیماری کی حالت میں دیکھ کر کئی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور صارفین ان کے لیے دعائیں کرتے دکھائی دئیے تھے۔

لیکن اب ان کے اہل خانہ نے ان کی خیریت سے مداحوں کو آگاہ کردیا ہے۔ انگریزی روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون عمر شریف کے اہل خانہ کے قریبی زرائع کا کہنا ہے کہ ان کی وائرل تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لئے اسپتال گئے تھے۔ اہل خانہ نے بتایا ہے کہ اس وقت عمر شریف خیریت سے ہیں اور گھر پر ہیں اور ابھی تک پریشانی کی کوئی بات نہیں، وائرل تصویر پر یقین نہ کیا جائے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ عمر شریف میں کسی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے یا نہیں، لیکن بتایا کہ ماضی میں وہ دل امراض قلب کے ٹیسٹ کرواتے رہے ہیں۔
عمر شریف کی علالت پر گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہورہی ہیں ،رواں برس جولائی میں بھی ان کے اور ان کی تیسری اہلیہ کے درمیان جائداد کے تنازع کے وقت بھی اداکار کو وہیل چیئر پر دیکھا گیا تھا اور انہیں بیمار حالت میں دیکھ کر مداح کافی پریشان ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، کمپیئر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف، پروڈیوسر غرض تمام ہی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں19 اپریل 1955 میں پیدا ہونے والے عُمر شریف نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974 میں 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا۔ ان کا مشہور معروف اسٹیج ڈرامہ بکرا قسطوں پر ایک ایسا ڈرامہ ہے جوبے انتہا مشہور ہوا اور شاید ہی پاکستان میں کسی اسٹیج ڈرامے کو اس قدر مقبولیت ملی ہو۔اس ڈرامہ کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ بھارت کی کئی فلموں میں اس کے مکالمے بھی ادا کیے گئے، اس ڈرامے کے چار حصے بنائے گئے جو وقفے وقفے سے تھیٹر پر پیش کیے گئے۔
مزید پڑھیں: سعود اور جویریہ تم لوگوں کو مجھ سمیت تمام چھوٹے ملازمین کی بد دعا ہے
عمر شریف کو حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان شوبز انڈسٹری کی بے پناہ خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
Story Courtesy: Express Tribune
0 Comments