
سوشل میڈیا پر پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ ثناء جاوید کی میک اپ آرٹسٹس اور اداکاروؤں کے ساتھ نامناسب روئیے کی پوسٹیں وائرل ہیں جس میں انہیں ‘بداخلاق’اور ‘غیر پیشہ ورانہ’ قرار دیا جارہا ہے۔ ان الزامات کی بوچھاڑ پر ثناء جاوید نے ماڈل منال سلیم، میک اپ آرٹسٹ عمر وقار اور اسٹائلسٹ علینا مرتضیٰ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا اور ان کو قانونی نوٹس بھجوائے۔ تاہم عمیر وقار نے ثنا جاوید کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ثناء جاوید نے عمیر وقار کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ وہ وضاحت کریں کہ انہوں نے اداکارہ کے خلاف الزامات کیوں لگائے۔ ثناء جاوید نے عمیر وقار کو قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی، جس پر اب میک اپ آرٹسٹ نے اداکارہ کو جواب دے دیا ہے۔اس حوالے سے عمیر وقار نے انسٹاگرام پر اداکارہ کو اپنے وکلاء کے ذریعے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کی تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ثنا جاوید کا نام نہیں لیا بلکہ انہوں نے ماڈل منال سلیم کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری کو شیئر کیا تھا۔

عمیر وقار کے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ثنا جاوید کی جانب سے کیے گئے دعووں میں کوئی سچائی نہیں، میک اپ آرٹسٹ نے اداکارہ کا نام نہیں لیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ثنا جاوید کے خلاف کچھ دن سے سوشل میڈیا پر کئی طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں مگر عمیر وقار نے اداکارہ کا نام نہیں لیا اور ان پر یہ الزام غلط ہے کہ انہوں نے اداکارہ کے خلاف اسٹوری شیئر کی۔ عمیر وقار کے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے صرف ساتھی ماڈل منال سلیم کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری کو آگے بڑھایا اور اس اسٹوری میں ثنا جاوید کا نام تھا ہی نہیں۔
اس معاملے کا آغاز اس وقت ہوا کہ جب ماڈل منال سلیم نے ثناء جاوید کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ایک اسٹوری شیئر کی تھی۔ منال سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔ ان کی جانب سے اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے بھی ان کی اسٹوری کو شیئر کیا تھا، تاہم انہوں نے بھی اداکارہ کا نام نہیں لکھا تھا۔
ماڈل منال سلیم کی اسٹوری کو میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی شیئر کیا تھا، جنہوں نے لکھا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اداکارہ ثناء جاوید کی بات کررہی ہیں۔ اس کے بعد دیگر میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس، ماڈلز اور نئی اداکاراؤں نے بھی ثناء جاوید کے خلاف الزامات لگاتے ہوئے ان پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ان واقعات کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکارہ پر شدید تنقید کی اور ثنا جاوید پر پابندی لگانے کے لئے ٹرولنگ کی گئی۔ تاہم اس ٹرولنگ میں ثناء جاوید کا ساتھ دینے کے لئے معروف ہدایت کار ندیم بیگ کے بعد اداکار و میزبان فہد مصطفی بھی میدان میں آئے لیکن ان کی حمایتی پیغامات پر صارفین چپ نہیں بیٹھے اور انہیں بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
0 Comments