
شوبز ستاروں اور فنکاروں کے لاکھوں اور کروڑوں مداح ہونا ایک عام سی بات ہے، لیکن ان ہی میں کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں، جو ان لاکھوں اور کروڑوں میں اپنی ایک الگ اور منفرد پہچان رکھتے ہیں، جن کو دیکھ کر ناصرف حیرانی ہوتی ہے بلکہ تعجب بھی ہوتا ہے کہ کیا ایسی محبت بھی ممکن ہے۔ ایسے کچھ پرستاروں میں ایک نام عامر راجپر لکھوجو کا بھی شامل ہے، جو بالی ووڈ اداکار عامر خان کے اتنے بڑے مداح ہیں کہ پچھلے 14 سال سے انکی سالگرہ منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور سے تعلق رکھنے والے عامر راجپر لکھوجو بولی ووڈ مسٹر پرفیکشنیسٹ عامر خان کے ناصرف بہت بڑے مداح ہیں بلکہ ان کا دعوی ہے کہ وہ پچھلے 14 سال سے عامر خان کی سالگرہ انتہائی دھوم دھام سے منا رہے ہیں، انہوں نے سال 2008 میں اداکار کی پہلی بار سالگرہ منائی تھی۔

انڈیپینڈیٹ اردو سے بات کرتے ہوئے عامر لکھوجو نے بتایا کہ وہ اپنی سالگرہ بھی ایسے نہیں مناتے ہیں، جس انداز میں وہ عامر خان کی سالگرہ مناتے ہیں، وہ دو کیک لیکر آتے ہیں، جس میں ایک میں اردو اور دوسرے پر سندھی میں اداکار کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی ہوتی ہے. یہی نہیں سالگرہ کے موقع پر کھانے کا بھی خاص انتظام ہوتا ہے، شریک مہمانوں کے لئے 2 سے 3 دیگیں بریانی کی پکوائی جاتی ہیں۔

عامر لکھوجو جو چلنے پھرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں، انہوں نے دورانِ گفتگو بتایا کہ میں چل نہیں سکتا ہوں، اس لئے سالگرہ کے سامان کی خریداری کرنے میں نہیں جاتا ہوں، اگر جاؤں تو گاڑی میں بیٹھا رہتا ہوں، لہذا وہ بیشتر اوقات اپنے بھائی سے کہتے ہیں اور پھر وہ تمام انتظامات مکمل کرتے ہیں۔

اس موقع پر عامر لکھوجو کا کہنا تھا کہ یہ ان کی خواہش ہے کہ بولی ووڈ اسٹار عامر خان خاص طور پر پاکستان ان سے ملنے کے لئے آئیں، انہیں عامر خان بہت پسند اور ان سے بہت لگاؤ ہے، اور انہیں خود بھی نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہے۔
عامر خان کی فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مداح عامر لکھوجو نے کہا کہ وہ اب تک بولی ووڈ مسٹر پرفیکشنیسٹ کی 56 فلمیں دیکھ چکے ہیں، جب وہ محض 12 سال کے تھے، انہوں اداکار کی پہلی فلم “قیامت سے قیامت تک” دیکھی تھی۔ البتہ فلم “فنا” انکی پسندیدہ فلم ہے، جب اداکار فلم مرتے وقت کاجول سے ڈائیلاگ کہتے ہیں کہ ریحان جتنی محبت کرتا ہے، تم ریحان سے اتنی محبت نہیں کرتی، اور پھر جب وہ وہاں مر رہا ہوتا ہے، مجھے لگتا ہے وہ سچ میں مررہا ہے، وہ سین دیکھ کر انکی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: عامر خان کے اشتہار پر انتہاء پسند ہندوؤں کا مذہبی رنگ دینے کی کوشش
واضح رہے اداکار عامر خان کو ان کی زبردست اداکاری اور فلموں کی چوائس کو لیکر انہیں مسٹر پرفیکشنیسٹ کہا جاتا ہے، سماجی مسائل سے لیکر محبت اور عشق پر مبنی، وہ کسی بھی موضوع پر بنی فلم کریں، دیکھنے والوں کو اپنی زبردست اداکاری سے اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔
یاد رہے عامر خان کی کرن راؤ سے تعلق کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر سے اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ سے تیسری شادی کی افواہیں زیر گردش ہوئی تھی، اس بار شادی کی۔تصاویر بھی سامنے آئیں تھیں، تاہم بعد میں یہ تمام خبریں غلط اور تصاویر فوٹوشاپ ثابت ہوئیں تھیں۔
Story Courtesy: Independent Urdu
0 Comments