نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری اسکور کرنے پر سرفراز کا رہائش گاہ پر شاندار استقبال


0

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کی  پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں سنچری بنانے پر ان کے مداحوں نے ان کی رہائش گاہ پر ان کا شاندار استقبال کیا۔

ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد سرفراز احمد جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات کراچی میں اپنی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ رہائش گاہ آمد پر سابق کپتان کے چاہنے والوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اس موقعے پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا اور بھنگڑے ڈالے گئے۔ اہل علاقہ نے سرفراز کی آمد سے قبل ہی گلی میں خیرمقدمی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر رکھے تھے۔

Image Source: File

اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی ہے۔ جو لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں میں ان کا شکر گزار ہوں۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی پیش کروں۔سابق کپتان سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد میری ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، کوشش تھی کہ ٹیم کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کروں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں، میرے لیے دعائیں کرتے ہیں، میں ان کا شکر گزار ہوں۔کراچی میں سرد موسم کے باوجود لوگوں کا اتنی بڑی تعداد میں میرے گھر کے باہر جمع ہونا ان کی محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد کی اس اننگز پر پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی ان کی تعریف کی ہے۔ اس حوالے سے بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار ٹوئٹر پر کیا ہے۔ ایشون نے لکھا کہ میں نے ابھی پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹیسٹ میچ کے اختتامی لمحات دیکھے، حقیقی معنوں میں غیر معمولی میچ تھا، سرفراز احمد آپ بہت اچھا کھیلے۔ایشون کے علاوہ دیگر کرکٹرز نے بھی سرفراز احمد کی اننگز کی تعریف کی۔

مزید برآں، سرفراز کی شاندار سنچری پر سوشل میڈیا پر ان کی والدہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا جس میں وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ سابق کپتان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان چار سالوں میں وہ کبھی ہمت نہیں ہارا، وہ ایک لفظ نہیں بولا، نا ہی اس نے کبھی کسی کے لیے برا کہا، میرا بچہ بہت صبر والا ہے۔گزشتہ روز کراچی نیشنل بینک ارینا میں سرفراز احمد کی اہلیہ، بیٹے اور والدہ نے ایک ساتھ میچ دیکھا تھا۔

یاد رہے کہ 4 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملنے پر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ کی دوسری اننگز میں 118 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 87 رنز جبکہ مجموعی طور پر دو ٹیسٹ میچز کی چار اننگز میں 332 رنز بنائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 0-0 سے ڈرا ہوگئی۔ دوسرے ٹیسٹ میں گرین کیپس 15 رنز اور کیوی ٹیم 1 وکٹ سے فتح سے دور رہی، جبکہ خراب روشنی کے باعث میچ 3 اوورز پہلے ہی ختم کردیا گیا۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *