مس مارول میں فواد اور مہوش کی قسط ’ٹائم اینڈ اگین‘ سال کی بہترین قسط قرار


-1

امریکی ویب سریز ‘مس مارول’ کی پہلی قسط رواں سال 8 جون جب کہ آخری قسط جولائی کے وسط کو ‘ڈزنی پلس’ پر ریلیز کی گئی تھی اور اس ویب سیریز کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ مس مارول کی کہانی پاکستان سے تعلق رکھنے والی کمالہ نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو مارول کے کرداروں کی بہت بڑی مداح ہے اور پھر اس کے پاس بھی مارول کے کرداروں کی ہی طرح سُپر پاور طاقتیں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔

اس ویب سیریز میں مہوش حیات نے مرکزی ہیروئن ’مس مارول‘ یعنی کمالہ خان کی نانی ’عائشہ‘ کا کردار ادا کیا، جو کہ فواد خان کی بیوی تھیں اور وہ تحریک پاکستان کے ایک سرگرم رکن بنے تھے۔اس ویب سیریز کی چوتھی اور پانچویں قسط میں تقسیم ہند اور تحریک پاکستان کے متعدد مناظر دکھائے گئے تھے۔ تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہےکہ معروف امریکی جریدے دی ہالی ووڈ رپورٹر نے پہلی مسلم سپر ہیرو مس مارول کی قسط’ٹائم اینڈ اگین‘ کو سال کی بہترین قسط قرار دیا ہے۔

اس بات کا انکشاف مہوش حیات نے دی ہالی ووڈ رپورٹر کی اس خبر کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیا۔ اداکارہ نے لکھا کہ زبردست ! ہالی ووڈ رپورٹر کےٹی وی ناقدین نے مس مارول کی ہماری قسط  ’ٹائم اینڈ اگین‘ کا انتخاب کیا ہے جس میں عائشہ اور حسن کی دل دہلا دینے والی محبت کی کہانی کو 2022 کے بہترین قسط میں سے ایک کے طور پر دکھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے دیگر مانے ہوئے شوز کے ہوتے ہوئے یہ ایک حیرت انگیز اعزاز ہے۔تقسیم جنوبی ایشیا میں ہم سب کے لیے ایک انتہائی تکلیف دہ دور ہے اور اسے بڑے پیمانے پر سامعین تک لے جانے کے قابل بنانا اور دی ہالی ووڈ رپورٹرز  کی طرف سے اسے سراہنا ظاہر کرتاہے کہ کہانی بہت سارے لوگوں کے درمیان گونج اٹھی ہے۔

مذکورہ پوسٹ میں مہوش حیات نےعائشہ کے کردار کے لئے منتخب کرنے پر  اس قسط کی  ہدایت کارشرمین عبید چنائے اور معاون پروڈیوسرز یینابرگز اور صنم منت کا بھی شکریہ اداکیا۔ خیال رہے کہ اس ویب سیریز میں مہوش حیات اور فواد خان کے علاوہ اداکارہ ثنا بچہ سمیت دیگر پاکستانی اور بھارتی اداکاروں نے بھی حصہ لیا۔جبکہ اس کی ہدایات چار ہدایت کاروں نے سر انجام دیں جن میں شرمین عبید چنائے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اس ویب سیریز میں علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘، عابد بروہی کا گانا ’دی سبی سونگ‘، طلال قریشی اور نصیبو لعل کا گانا ’آگ‘، نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘، سجاد علی کا گانا ’بے بیا‘ اور مسرت نذیر کا گانا ’میرا لونگ گواچا‘ کو بھی بھرپور انداز میں شامل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مس مارول میں تقسیمِ ہند کے مناظر شوٹ کرواتے وقت مہوش حیات کے آنسو چھلک پڑے

دیکھا جائے تو سال 2022 پاکستانی اداکاروں فواد خان اور مہوش حیات کے لئے خوش قسمت ترین ثابت ہوا ہے،رواں برس ریلیز ہونے والی فواد خان کی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولاجٹ’ نے پاکستان کی 200کروڑ کا بزنس کرنے والی پہلی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تو وہیں اسی سال فواد خان اور مہوش حیات نے مس مارول کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا۔یاد رہے کہ مہوش حیات متعدد ڈراموں کے علاوہ بہت سی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دیکھا چکی ہیں جن میں پنجاب نہیں جاؤں گی، جوانی پھر نہیں آنی، لوڈویڈنگ ، چھلاوا، ایکٹر اِن لو سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔مزید یہ کہ دو سال قبل 23 مارچ کے موقع پر ایک قومی تقریب میں انہیں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔حکومت کی جانب سے اداکارہ کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کےاقدام کو کافی زیادہ پذیرائی ملی تھی تاہم کچھ حلقوں کی جانب سے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔


Like it? Share with your friends!

-1

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *