
شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کا کہنا ہے کہ اگر اُن کے پچاس بیٹے بھی ہوتے تو وہ وطن پر قربان کردیتیں۔ اپنے بڑے بیٹے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی شہادت کے بعد اُن کی والدہ کا ایک جذباتی ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پرزیر گردش ہے ، اس ویڈیو بیان میں لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید کی والدہ اپنے لخت جگر کی شہادت پر اپنے ساتھ کھڑے دوسرے بیٹے کے بارے میں کہہ رہی ہیں کہ “میرا یہ بیٹا بھی آرمی میں ہے اگر میرے 50 بیٹے بھی ہوتے تو میں وطن پر قربان کردیتی”۔
ان کے والدہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی بہادری اور قربانی پر بے حد فخر محسوس کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ ملک کی اس عظیم ماں نے اپنے بیٹے لیفٹیننٹ ناصر خالد سے پہلے اپنے شوہر جنہوں نے پولیس کے محکمہ میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہادت حاصل کی ہے ان کو بھی ملک پر قربان کرچکی ہیں جبکہ ان کا دوسرا بیٹا پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں لیفٹیننٹ ناصر خالد بہادر ماں باپ کے محب وطن سپوت تھے۔ غم کی اس گھڑی میں پورا ملک اس خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور وطن کی محبت سے سرشار اس شہید اور اس کی ماں کو سلام پیش کرتا ہے۔ بلاشبہ جواں سالہ لیفٹیننٹ ناصر خالد کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور سوشل میڈیا پر شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد کی قابل فخر والدہ سے لوگ والہانہ انداز سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں اور پیغامات بھیج رہا ہیں۔
سوشل میڈیا پر لوگ لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کے بیان کے بعد پاکستان کی اس عظیم ماں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جو اپنے بیٹے کو اس دھرتی پر قربان کر کے حوصلہ نہیں رہی بلکہ اپنے جذبۂ حُب الوطنی سے پورے ملک کے لئے ایک مثال بن گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر ہر طبقے فکر کے لوگ قوم کی اس ماں کو اپنے اپنے انداز سے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی شہادت پر تعزیتی پیغامات بھیج رہے ہیں ۔
بے شک ملک وقوم کے لئے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی یہ عظیم قربانی اور ان کی والدہ کا جذبۂ حب الوطنی پاکستان کے تمام دشمنوں اور سازشیوں کے لئے یہ پیغام ہے کہ ہم ایک مضبوط قوم ہیں اور دشمنوں سے نہیں ڈرتے۔
خیال رہے کہ 03 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں لیفٹیننٹ ناصر خالد ساتھیوں سمیت جام شہادت نوش کرگئے تھے۔
گزشتہ روز شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد کو فوجی اعزاز کے ساتھ مظفرآباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی قبر پر پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سمیت عسکری و سول حکام سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
0 Comments