اداکارہ مہوش حیات ایک نئے تنازعے کا شکار، پیمرا نے ایکشن لے لیا


0

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا شمار یوں تو پاکستان فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ اس مقام تک پہنچنے کے لئے اداکارہ مہوش حیات کی انتھک محنت اور جدوجہد ہے البتہ اس عرصے میں وہ کئی بار تنازعات کا بھی شکار رہیں ہیں۔ اگر حال ہی کی بات کرلی جائے تو اداکارہ مہوش حیات ایک بسکٹ کے اشتہار کے باعث ایک اور نئے تنازعے کا شکار ہوگئیں، جس پر سوشل میڈیا پر انھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشہور و معروف پاکستانی فلمی اداکارہ مہوش حیات نے دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک ٹی وی کمرشل کی ویڈیو شئیر کی، جوکہ ایک بسکٹ کا اشتہار تھا، اشتہار کا دورانیہ 1 منٹ 37 پر مشتمل تھا البتہ اس اشتہار کی خاص بات یہ تھی کہ اداکارہ مہوش حیات ملک کے چاروں صوبوں کی ثقافتی نمائندگی کرتے ہوئے ڈانس کررہی ہیں اور اس بسکٹ کو پروموٹ کررہی ہیں۔

جس پر ابھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کر ہی رہے تھے کہ معروف صحافی انصار عباسی کی جانب سے بھی انتہائی سخت موقف سامنے آیا جس میں انہوں نے اشتہار پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ بسکٹ بیچنے کے لئے اب ٹی وی پر مجرا چلے گا۔ پیمراہ نام کا کوئی ادارہ ہے یہاں؟ کیا وزیراعظم پاکستان عمران خان اس معاملے پر کوئی ایکشن لیں گے؟ کیا پاکستان اسلام کے نام پر نہیں بنا تھا؟

اس ہی دوران وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے معروف صحافی انصار عباسی کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا جس میں انہوں نے انصار عباسی کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب میڈیا پر موجود تمام اسلام مخالف چیزوں کے مکمل طور پر خلاف ہیں جو ہماری ثقافت اور اصولوں کے خلاف ہیں۔ یہ ہمارے نوجوانوں پر۔نقصان دہ اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اسلامی ریاست میں اس طرح کی بےہودگی کی کوئی جگہ نہیں جو کلمہ طیبہ پر مبنی تھی۔

جبکہ دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی فواد چودھری کی جانب سے بھی ایک ٹوئیٹ کی گئی جس میں انہوں اشتہار اور مہوش حیات کو تو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا البتہ انہوں نے سینیئر صحافی انصار عباسی کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے اپنی ہی جماعت کے ساتھی وزیر علی محمد خان اور مشہور صحافی انصار عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ اور علی 24 گھنٹے فحاشی کیوں سرچ کرتے رہتے ہیں؟ کوئی پروڈکٹو کام کریں۔

جوں جوں وقت گزرا اور اشتہار وائرل ہونا شروع ہوا، اشتہار کے انداز اور اداکارہ مہوش حیات کو صارفین نے سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا۔ لوگوں نے اس اشتہار ناصرف ناپسند کیا بلکہ اس اشتہار کے مواد کو پاکستانی کلچرل کے برعکس قرار دیا۔

تاہم ابھی معاملہ گرم ہی تھا کہ پاکستان الیکڑانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن (پی بی اے) ، پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن (پی اے اے) اور پاکستان انڈورٹائزز سوسائٹی ( پی اے ایس) کو بسکٹ اشتہار کے مواد پر نظرثانی کی ہدایات جاری کردیں۔

اس دوران پیمرا کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناظرین کا خیال ہے کہ عام مصنوعات جیسے کے بسکٹس سے متعلق اشتہارات کو ایک ایسے عجیب انداز میں نشر کرنا جس کے ویثیولز ان مصنوعات کے استعمال سے مطابقت نہیں رکھتے، تو پھر اس معاملے کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ساتھ جاری کی گئی ایڈوائزری میں اس اشتہار کو ناصرف قابل قبول معیارات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا بلکہ پاکستانی معاشرے کی سماجی اور ثقافتی اقدار کی بھی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔


Like it? Share with your friends!

0

0 Comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *