
کیا آپ موسیقی سننا پسند کرتے ہیں؟ اگر ہاں تو پھر خوش ہوجائیں کیونکہ موسیقی زیادہ کھانے یعنی بِسیار خوری سے گریز کرنے میں مدد کرتی ہے لیکن وہ کیسے؟یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔۔ آپ نے اکثر اس بات کا مشاہدہ کیا ہوگا کہ ہم سے بیشتر افراد جب اداسی یا ذہنی دباؤ محسوس کر رہے ہوتے ہیں تو کھانے کی جانب رجوع کرتے ہیں ہوسکتا ہے کہ آپ بھی ایسا کرتے ہوں ، یہ عادت مسئلہ تب بن جاتی ہے کہ جب ہم ضرورت سے زیادہ کھانا کھالیتے ہیں۔تاہم ایک تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ لوگ جب ذہنی دباؤ محسوس کریں تو کچھ کھانے کے بجائے اپنے پسندیدہ گانے سنیں تاکہ ذہنی دباؤ سے راحت حاصل کرسکیں۔

تحقیق کیا کی گئی؟

محققین نے یہ جاننے کے لئے کہ منفی جذبات سے نمٹنے کے لئے کھانا اور موسیقی کتنی مدد کرسکتی ہے، تجزیہ کیا کہ مخصوص قسم کی موسیقی سنتے ہوئے خواتین کتنا کھاتی ہیں۔تحقیق میں خواتین کو ماضی کا کوئی واقعہ یاد دلا کر اداس کیا گیا، بعد ازاں غصے یا اداسی کو دور کرنے کے لئے جن خواتین نے موسیقی سنی انہوں نے موسیقی نہ سننے والی خواتین کی نسبت آدھی مقدار میں اسنیکس(چپس، چاکلیٹ، پاپ کورن وغیرہ) کھائے جبکہ سنی جانے والی موسیقی میں ایمی وائن ہاؤس کا بیک ٹو بیک، ایمینیم کا موکنگ برڈ اور لنکن پارک کا ان دی اینڈ شامل تھا۔
تحقیق سے کیا ثابت ہوا؟

وہ خواتین جن کو اداس کیا گیا تھا انہوں نے موسیقی سننے کے بعد 35 فی صد کے قریب کھایا۔ محققین نے بتایا کہ ان کی تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آتی ہے کہ لوگ ممکنہ طور اپنے پسندیدہ گانے سن کر غصے یا اداسی میں بِسیار خوری سے گریز کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے برطانیہ کے شہر لیسٹر کی ڈی مونٹفورٹ یونیورسٹی کی ایک ماہر ڈاکٹر ہیلین کُولتھراڈ کا کہنا تھا کہ اگر آپ ذہنی دباؤ محسوس کررہے ہوں اور اس کے نتیجے میں آپ بے شمار غیر صحت مند کھانا کھا سکتے ہوں تو اپنے ہیڈ فونز لگائیں اور کچھ اچھا میوزک سنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ طریقہ کار لوگوں کو وزن کم کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔
مزید برآں ، اس سے قبل ایک تحقیق میں طبّی ماہرین نے یہ دریافت کیا تھا کہ اگر سرجری کے لئے لے جانے سے پہلے مریض کو مدھر اور کانوں میں رس گھولنے والی موسیقی سنا دی جائے تو وہ کسی سکون آور دوا کی طرح کام کرتے ہوئے اس کا اعصابی تناؤ ختم کردیتی ہے۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ آپریشن سے پہلے اکثر مریضوں کو اختلاج ہونے لگتا ہے اور ان میں اعصابی تناؤ بڑھانے والے ہارمونز کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے۔ اگرچہ ایسے میں اعصاب کو سکون پہنچانے کے لیے عموماً جو دوائیں دی جاتی ہیں ان کے سائیڈ ایفیکٹس بھی ہوتے ہیں جو سانس لینے میں دشواری اور دورانِ خون میں عدم توازن سے لے کر غصہ اور جھلاہٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم اس تحقیق سے پتہ چلا کہ موسیقی صرف روح کی غذا نہیں بلکہ اعصاب کی دوا بھی ہے، اگر آپریشن سے پہلے مریض کو اچھی اور کانوں میں رس گھولنے والی موسیقی سنائی جائے تو اس سے بھی مریض کے اعصابی تناؤ میں ٹھیک اسی طرح کمی واقع ہوتی ہے جیسی سکون آور دوائیں دینے پر ہوتی ہے۔
0 Comments