
پیاز ایک ایسی سبزی ہے جو ناصرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے بلکہ اس کے اندر کئی ایسے اجزاء پائے جاتے جو کئی طرح کے امراض کے علاج میں مدد بھی فراہم کرتے ہیں، اس کے علاوہ اس کا پانی یا رس اپنے اندر ایسی خصوصیات رکھتا ہے جو بالوں کے لئے بھی مفید ہیں۔ پیاز میں سلفر پایا جاتا ہے جو دوران خون کو بہتر، کولیگن کی نشوونما میں تیزی اور جراثیم کش ہونے کے باعث سر کے انفیکشنز کی روک تھام کرتی ہے۔ اس لئے پیاز کمزور بالوں کو مضبوط بنانے اور انہیں ٹوٹنے سے بچانے کی خصوصیت رکھتی ہے۔
تاہم کچھ لوگوں میں پیاز کا پانی براہ راست سر میں لگانے سے خارش یا جلن ہو سکتی ہے اس لئے اسے کسی تیل یا ایلوویرہ جیل کے ساتھ استعمال کرنا چاہئے اس طرح نہ صرف اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا بلکہ سر کی جلد جلن اور خارش جیسی کیفیات سے بھی محفوظ رہے گی، جبکہ پیاز کی بُو کو دور کرنے کے لئے اس میں کسی خوشبو دار تیل کے چند قطرے شامل کیے جاسکتے ہیں۔ متعدد فوائد کا حامل پیاز کا پانی بالوں میں لگانے سے حیرت انگیز نتائج مل سکتے ہیں، اس پانی کو کس کس طریقے سے اپنے بالوں پر استعمال کرسکتے ہیں، ذیل میں جانتے ہیں۔
(Pyaz ka pani balon ke liye)پیاز کا پانی بالوں کیلئے
پیاز اور انڈہ

دو درمیانے سائز کی پیاز لے کر اسے بلینڈر میں بلینڈ کرلیں اور کسی کپڑے سے چھان کراس کا پانی نکال لیں۔ اب ایک کھانے کا چمچ پیاز کا رس اور ایک انڈہ ملا کر اچھی طرح پیسٹ تیار کریں،اسے سر میں لگائیں اور بیس سے تیس منٹ بعد شیمپو لگاکر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔اس عمل کو ہفتے میں ایک سے دو بار استعمال کریں اگر اس کی بُو آپ کو ناگوار لگتی ہے تو اس میں کسی خوشبو دار تیل کے چند قطرے شامل کر سکتے ہیں۔انڈہ بالوں کو ضروری غذائیت فراہم کرے گا جبکہ پیاز کا رس اس کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پیاز اور کیسٹر آئل

ایک درمیانے سائز کی پیاز کو کدوکش کرکے اس میں ایک چمچہ شہد اور ایک چمچہ کیسٹر آئل شامل کرلیں، ان اجزاء کو اچھی طرح ملا کر تیار ہونیوالے آمیزے کو تھوڑا تھوڑا کرکے بالوں پر لگائیں، ایک گھنٹے بعد شیمپو سے بالوں کو دھولیجئے، روزانہ اس آسان عمل کو کرنے سے بال چند دنوں میں لمبے ہوجائیں گے۔
پیاز اور ادرک
ایک پیاز کا رس نکال کر اس میں اتنی ہی مقدار ادرک کے رس کی شامل کریں اور اسے سر میں لگا کر دائروں کی صورت میں مساج کریں،ایک گھنٹے بعد کم کیمیکل والے شیمپو سے دھو لیں،اسے ہفتے میں ہر دوسرے دن استعمال کریں۔یہ سر میں خون روانی کو بہتر کر کے بالوں کی افزائش میں اضافہ کرے گا۔
پیاز اور شہد

دو چائے کے چمچ پیاز کا پانی اورایک چائے کا چمچ شہد ملا کر اسے بالوں میں لگائیں، بیس منٹ کے بعد کسی کم کیمیکل والے شیمپو سے دھو لیں۔یہ عمل بالوں بڑھانے کے ساتھ انہیں چمکدار بھی بنائے گا،اگر سر میں جلن اور خشکی ہے تو اس سے بھی نجات مل جائے گی۔
مزید برآں ، قدرتی طور پر پیاز اپنے اندر بیشمار فوائد رکھتی ہے لیکن اس کو کاٹتے وقت آنکھوں سے پانی بہتا ہے اور جلن بھی بہت ہوتی ہے۔اسی لئے اب ایک ایسا پیازمتعارف ہواہے جسے کاٹتے وقت آنسو نہیں بہانے پڑیں گے۔یقیناً یہ پڑھ کر آپ کو حیرت کا جھٹکا لگا ہوگا اور آپ بھی سوچ میں پڑگئے ہوں گے کہ ایسی کون سا پیاز ہے جسے کاٹتے وقت آنکھوں میں آنسو نہ آئیں؟ کیونکہ پیاز کاٹتے ہوئے آنکھوں سے پانی بہنا لازمی بات ہے۔چلیں ہم آپ کی یہ مشکل آسان کردیتے ہیں ، یہ پیاز برطانیہ کی ایک سپر مارکیٹ نے تیار کی ہے۔ یہ میٹھا پیاز ہے جو فروخت کرنے کے لیے تیار ہے اس کو (سنیون) کا نام دیا گیا ہے اور یہ باورچی خانے میں لوگوں کے آنسو نہیں نکلنے دے گا۔
0 Comments