
آج کل شادی کے بندھن میں بندھنے والا ہر جوڑا اپنی شادی کے دن کو یادگار بنانا چاہتا ہے اور اس کے لیے طرح طرح کے جتن بھی کرتا ہے جبکہ کچھ سرپھرے تو ایسے بھی ہیں جو اس دن کو منفرد بنانے کے چکر میں انوکھے انداز اپناتے ہیں۔ جبھی سوشل میڈیا پر دولہا دلہن کی جانب سے شادی بیاہ میں نت نئے انداز دیکھنے میں آرہے ہیں جس کے باعث کئی شادیوں کی ویڈیوز وائرل بھی ہورہی ہیں۔ پڑوسی ملک انڈیا کی ریاست ہریانہ میں بھی شادی کے دن کو یادگار بنانے کے لئے دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں دلہن خود اپنی بارات لے کر دولہا کے گھر پہنچ گئی۔
یہ منفرد واقعہ ریاست ہریانہ کے شہر امبالا میں پیش آیا، جہاں دلہن رواج تبدیل کرتے ہوئے گھوڑے پر بیٹھ کر دلہے کے گھر بارات لے کر پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پریا نامی دلہن سہرا پہنے اور ہاتھ میں تلوار لیے گھوڑے پر سوار ہوکر دولہے کے گھر پہنچی جبکہ بارات میں اس کے ساتھ والد، والدہ اور دیگر رشتے دار بھی موجود تھے۔

پریا کے والد نریندر اگروال کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اس خیالی تاثر کو بھی توڑنا چاہتے تھے کہ لڑکیاں لڑکوں سے کمتر ہوتی ہیں۔ اس موقع پر دلہن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری بچپن کی خواہش پوری ہوگئی، میں بہت خوش ہوں، یہ موقع عموماً لڑکوں کی زندگی میں آتا ہے لیکن ہمارے گھر میں میرے والدین نے مجھے ایک لڑکے کی طرح پالا ہے۔

سوشل میڈیا پر شادی جیسے اہم دن کی مختلف خوبصورت ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنا اب ایک ٹرینڈ بن گیا ہے۔ بلکہ اس دن کو یادگار بنانے کے لیے کئی جتن کیے جاتے ہیں کہ کون اس دن کو زیادہ انوکھا بنائے گا۔ گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر پر ایک دلہن کی ویڈیو وائرل ہوئی ، جس میں دولہا دلہن کے بجائے دلہن کے ‘بھائیوں’ نے اپنی بہن کی انٹری کو یادگار بنایا تھا۔
عام طور پر تو بہن کی شادی کے موقع پر بھائی ڈولی یا پھر پھولوں کی چادر اٹھائے اپنی بہن کی انٹری کرواتے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی اس ویڈیو میں بھائیوں نے اپنی بہن کی انٹری ایک نئے انداز میں کروائی، دلہن کی انٹری کے لئے راستے میں پھول بچھائے گئے اور بھائیوں نے گھٹنوں پر بیٹھ کر اپنی بہن کے قدموں کے نیچے اپنی ہتھیلیاں رکھیں جس پر پاؤں رکھتے ہوئے دلہن انٹری دے رہی ہے۔
بھائیوں کی جانب سے اپنی بہن کے لیے اس بے پناہ پیار کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور انہوں نے بہن کو ‘خوش قسمت’ قراردیدیا۔
اس کے علاوہ ، انڈیا کی ایک دلہن کے ‘میٹرکس اسٹائل’ نے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیران کردیا تھا۔عام طور پر کسی بھی انسان کے لئے پیچھے کی طرف اتنا زیادہ مڑنا آسان نہیں ہوتا، اس لئے دلہن کے اس انوکھے انداز کی وجہ سے اس ویڈیو کو کافی پسند کیا گیا۔
0 Comments